بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے وفد کی سیکرٹری جنرل اسلم بھٹہ کی قیادت میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے تنظیمی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پی ٹی آئی وفد نے وزیر خارجہ کو لندن آمد پر خوش آمدید کہا، تحریک انصاف برطانیہ کے عہدیداران نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکلوانے کیلئے وزیر خارجہ کی بھرپور کاوشوں کو سراہا، پی ٹی آئی وفد کے اراکین نے کامیاب دورہ ء امریکہ پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مبارکباد پیش کی۔

  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج میری برطانیہ کی فارن آفیئرز اور ڈیفنس کمیٹیوں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی ہے میں نے انہیں افغانستان کی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی شہری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں برطانیہ سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ممکنہ سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔

ملاقات میں تحریک انصاف برطانیہ کے وفد نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو پارٹی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔

The post بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email