عمر شریف کا امریکا جاکر علاج کروانے کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا

مشہور پاکستانی کامیڈین عمر شریف کی نجی اسپتال میں طبیعت کی خرابی اور دوسری طرف ایئر ایمبولینس کمپنی کے اصول و ضابطوں کی وجہ سے ان کے امریکا میں علاج کے لئے جانے کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔

عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مداخلت کی اپیل کردی۔

زرین کے مطابق گزشتہ روز عمر شریف کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر ایئر ایمبولینس کا طویل سفر کرنے سے منع کردیا تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں عمر شریف کی طبیعت بہتر اور سفر کرنے کے قابل ہونے کی امید ہے۔

زرین کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس کے عملے نے کراچی میں مزید زیادہ سے زیادہ 12 گھنٹے رکنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ ڈاکٹرز انہیں کم از کم 24 گھنٹے یہاں رہنے کا کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  اگر ایئر ایمبولینس واپس چلی گئی تو وہ عمر شریف کی امریکا منتقلی کے لئے واپس نہیں آئیں گے اور نہ ہی ادا کیا ہوا پیسہ واپس ملے گا۔

عمر شریف کی اہلیہ کے مطابق کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس دوبارہ کال کرنے کی صورت میں انہیں نئے سرے سے ادائیگی کرنا ہوگی۔

انہوں نے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور آن کال انٹرنیشنل کو ایئرایمبولینس کم ازکم 24 گھنٹے تک یہاں رکنے کا کہیں تاکہ وہ عمر شریف کو امریکا لے جائیں۔

زرین عمر کے مطابق ایئر ایمبولینس ویسے بھی فیس کی ادائیگی کے بعد کئی دن کی تاخیر سے کراچی پہنچی ہے۔

The post عمر شریف کا امریکا جاکر علاج کروانے کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email