شاہد آفریدی کا دیگر ملکوں کو بھارت کی چالوں سے دور رہنے کا مشورہ

سابق کپتان شاہد آفریدی نے دیگر ملکوں کو بھارت کی چالوں سے دور رہنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  عالمی شہرت یافتہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم سب جانتے ہیں مہمان ٹیموں کو پاکستان میں کس معیار کی سیکیورٹی دی جاتی ہے،غیر ملکی بورڈ حفاظتی انتطامات کی چھان بین کے بعد ہی اپنی ٹیمیں بھجوانے کا فیصلہ کرتے ہیں،انھیں روٹس سمیت ہر معاملے کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جاتا ہے تب ہی ٹور کیلیے گرین سگنل ملتا ہے،زمبابوے، سری لنکا اوربنگلہ دیش سمیت تمام ٹیمیں اسی طریقہ کار کے مطابق آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ غلط اور ناقابل قبول تھا، کیوی کرکٹرز کے پاکستان میں پرستار موجود ہیں،ان کی جانب سے ایسا رویہ قابل معافی نہیں،اگر کوئی سیکیورٹی خدشات تھے تو پی سی بی کو بتاتے تاکہ پاکستانی فورسز چھان بین کرلیتیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اگر آنے کے پروٹوکولز ہیں تو اگر کسی ٹیم کو جانا ہے تو اس کا بھی کوئی طریقہ کار ہونا چاہیے، ہم نے ہمیشہ دوسروں کو سپورٹ کیا،دیار غیر میں کھیل کے سفیر بن کر کھیلے مگر انھوں نے ایسا نہیں کیا۔

دھمکی آمیز ای میلز بھارت سے کیے جانے کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر ہم اس صورتحال کو بڑے تناظر میں دیکھیں تو اندازہ کرسکتے ہیں کہ اس کے پیچھے کس کا ایجنڈا ہے،جعلی ای میلز پر کسی کو توجہ نہیں دینا چاہیے،پڑھی لکھی قوموں کو پاک بھارت معاملے سے دور رہتے ہوئے اپنے فیصلے خود کرنا چاہئیں ۔

سابق  کپتان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی بھی ذمہ داریاں ہیں،اسے اس طرح کے معاملات میں مداخلت کرنیچاہیے،ٹیموں کے بلاوجہ ٹورز منسوخ کرنے سے پاکستان کرکٹ کیلیے پریشانیاں پیدا ہورہی ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھاکہ کھیل کی گورننگ باڈی کو خاموش ہوکر نہیں بیٹھنا چاہیے، ہمیں بھی فیصلے کرنا پڑیں گے تاکہ دنیا کو بتا سکیں کہ ہماری بھی کوئی عزت ہے، دوسرے ملکوں میں دہشت گردی ہوئی تب بھی کرکٹ چلتی رہی۔

ورلڈکپ کا بائیکاٹ کرنے کے مشوروں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ جذباتی باتیں ہیں،ہمیں میچز جیت کر اپنے ناقدین کو جواب دینا چاہیے، کوشش کرنا ہوگی کہ میگا ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھائیں۔

The post شاہد آفریدی کا دیگر ملکوں کو بھارت کی چالوں سے دور رہنے کا مشورہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email