اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا ملک کے تمام بچوں کا بنیادی حق ہے، چودھری پرویز الٰہی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا ملک کے تمام بچوں کا بنیادی حق ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ایشیاء کی ٹاپ یونیورسٹی میں شمار کی جانیوالی یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے صدر ابراہیم حسن مراد سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے تعلیمی میدان میں خدمات پیش کرنے پر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کو ایشیاء کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں شمار کیا جانا خوش آئند ہے اور اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا ملک کے تمام بچوں کا بنیادی حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی سے تعلیمی نظام میں پہلی بار چھٹی تک قرآن پاک ناظرہ اور میٹرک تک ترجمے کے ساتھ پڑھانے کا قانون پاس کیا گیا ہے اور سرکاری اسکولوں میں طلباء کو انگریزی کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم سے بھی روشناس کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کا نظام بہتر ہو گا تو آنے والی نسل کا مستقبل روشن ہو گا اور ملک ترقی کرے گا۔

ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ اس وقت یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں پچیس ہزار کے قریب طلباء زیر تعلیم ہیں۔

ابراہیم حسن مراد کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب آپ نے تعلیم کے فروغ کے لیے جتنی خدمات سرانجام دیں اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔

ابراہیم حسن مراد نے یہ بھی کہا کہ 2002ء سے 2008ء تک آپ کے دور میں پرائمری سطح پر اسکولوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

ابراہیم حسن مراد کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے بھی چودھری پرویز الٰہی کی تعلیمی پالیسیوں کی بارہا تعریف کی ہے۔

The post اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا ملک کے تمام بچوں کا بنیادی حق ہے، چودھری پرویز الٰہی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email