وزیر اعظم غریب افراد کیلئے فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں ہے، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان غریب اور نادار افراد کیلئے ریاست مدینہ کے طرز پر فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخوت پاکستان کا پہلا بلاسود قرضوں کا ماڈل ہے، اخوت کی جانب سے دیئے گئے قرضوں کی ریکوری کی شرح 99 فیصد ہے، اب تک اخوت کی جانب سے 150 ارب روپے سے زائد کا قرضہ اخوت نے نادار افراد کو فراہم کیا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم غریب اور نادار افراد کیلئے ریاست مدینہ کے طرز پر فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں ہے، حکومت اسی وجہ سے کامیاب پاکستان پروگرام شروع کررہی ہے، ملکی معیشت کو اس وقت تک ترقی نہیں دی جاسکتی جب معیشت کی بہتری کے اثرات نچلے طبقے تک نہ پہنچائیں جائیں، پاکستانی معیشت کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں مراعات دی گئیں، مائیکرو فنانس بینک غریب افراد کو کاروبار کیلئے قرض فراہم کرتے ہیں۔

شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے ذریعے کسانوں کو ڈیڑھ لاکھ روپے قرضہ فی فصل دیا جائے گا، 20 لاکھ روپے کا قرضہ اپنا گھر بنانے کیلئے کم شرح سود پر دیا جائے گا، کامیاب پروگرام پاکستان کے تحت 40 لاکھ گھرانوں کا طرز معاشرت بدلا جائے گا، بلاسود قرضوں کی فراہمی سے عوام پر بوجھ کم ہوگا اور ان کا کاروبار بہتر ہوگا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب پاکستان پروگرام میں اخوت کی مدد حاصل کی جارہی ہے، کامیاب پاکستان پروگرام میں نادرا اور احساس پروگرام کے اعدادوشمار حاصل کئے جائیں گے، کامیاب پاکستان پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی سفارش نہیں ہوگی۔

The post وزیر اعظم غریب افراد کیلئے فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں ہے، وزیر خزانہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email