بدترین مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ نااہل حکومت اور اسکی چوریاں ہیں ، شہباز شریف

مسلم لیگی رہنما شہباز شریف کا کہنا ہےکہ بدترین مہنگائی میں کمی بے فائدہ اور نمائشی اجلاس بلانے سے نہیں، صرف ٹھوس اقدامات سے ہی ممکن ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہاکہ ہمارے دور میں 52 روپے فی کلو ملنے والی چینی کی قیمت میں موجودہ حکومت نے 52 روپے سے زائد اضافہ کیا، یہ ہے نیا پاکستان؟ ہمارے دور میں 35 روپے فی کلو ملنے والے آٹے کی قیمت میں موجودہ حکومت نے 75 روپے سے اوپر پہنچا دیا۔

انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انڈے، گوشت، مرغی، دال، گھی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ، مصالحہ جات سے لے کر عوام کی خوراک کی تمام بنیادی اشیاء مہنگا کر کے وسائل جمع کرنا ظلم، ظلم اور بدترین ظلم ہے

انہوں نے کہاکہ معاشی تباہی، بے روزگاری اور بدترین مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ نااہل حکومت اور اس کی چوریاں ہیں ، حکومت کے مسلسل غلط معاشی اقدامات نے معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کو جنم دیا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ پوری قوم ظالم حکومت کے ظلم سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیر، معاونین خصوصی شریک ہونگے،  جوکہ آج وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بھی شریک ہوں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان 24 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ورچوئل خطاب کریں گے۔

 اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منگل سے شروع ہونے والے اعلیٰ سطحی بحث میں زیادہ تر افغانستان ، موسمیاتی تبدیلی اور کورونا وائرس پر بحث پر ہوگی جس میں وزیر اعظم عمران خان سمیت عالمی رہنماؤں کی ایک بڑی تعداد خطاب کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان کا خطاب ریکارڈ کرلیا گیا، افغانستان اور مسئلہ کشمیر وزیراعظم کے خطاب کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم کا خطاب تقریباً آدھے گھنٹے کا ہوگا جو 24 ستمبر کو نشر کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان اپنے خطاب میں عمران خان مقبوضہ کشمیر ‘افغانستان کی صورتحال کے علاوہ عالمی معاشی اور سیاست مسائل پر بات کریں گے۔

وزیراعظم بھارت کی طرف سے پھیلائی جانے والی جعلی خبروں کو روکنے کی طرف بھی دنیا کی توجہ مبذول کرائیں گے جبکہ عمران خان افغانستان کے استحکام کے لیے تجاویز بھی دیں گے۔

رواں سال اجلاس کا موضوع کورونا وائرس سے بحالی، پائیدار تعمیرنو، لوگوں کے حقوق کا احترام اور موسمیاتی تبدیلی ہے۔

The post بدترین مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ نااہل حکومت اور اسکی چوریاں ہیں ، شہباز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email