بدقسمتی سے ملک میں قومی کھیل ہاکی زوال کا شکار ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں قومی کھیل ہاکی زوال کا شکار ہے، ہماری حکومت اس کھیل کے دوبارہ احیاء کے لئے پرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے حیات آباد پولیس اسٹیشن میں آسان انصاف مراکز کا بھی افتتاح کیا، ان کا کہنا تھا کہ آسان انصاف مراکز ابتدائی طور پر پشاور کے پانچ تھانوں میں قائم کئے گئے ہیں، منصوبے کے دوسرے مرحلے پشاور کے 15 دیگر تھانوں میں یہ مراکز قائم کئے جائیں گے، اگلے مرحلے میں اس منصوبے کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ انصاف آسان مراکز کے قیام کا مقصد تھانوں میں سائلین کو بہتر خدمات کی فراہمی،  پولیس تک شہریوں کی رسائی کو آسان بنانا اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے، آسان انصاف مراکز کے قیام سے روایتی پولیس کلچر کو یکسر تبدیل کیا جائے گا، دیگر سہولیات کے علاوہ آسان انصاف مراکز میں خواتین، خواجہ سراؤں اور بچوں کے لئے الگ ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے دفتر کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا، ان کا کہنا تھا کہ 8 کنال رقبے پر محیط یہ عمارت 55 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ناصر باغ روڈ کا بھی افتتاح کیا، اور بتایا کہ منصوبہ 15 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اسلامیہ کالج میں ہاکی آسٹروٹرف کا بھی افتتاح کیا، اور کہا کہ یہ منصوبہ 9 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ آٹھ مہینے کی قلیل مدت میں اسلامیہ کالج سمیت ہاکی آسٹروٹرف کے چار منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، صوبے میں اس وقت ہاکی آسٹروٹرف کے چھ  دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے، اس کے علاوہ صوبے کے مختلف اضلاع میں ہاکی آسٹروٹرف کے مزید تین منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔

 وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مکمل امن ہے اور یہاں سیاحت اور کھیلوں کے لئے ماحول انتہائی سازگار ہے، صوبائی حکومت دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ قومی کھیل ہاکی کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھارہی ہے، بدقسمتی سے ملک میں قومی کھیل ہاکی زوال کا شکار ہے، ہماری حکومت اس کھیل کے دوبارہ احیاء کے لئے پر عزم ہے، صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے صوبے میں صرف 2 ہاکی آسٹروٹرف تھے، پی ٹی آئی کی حکومت میں 4 مزید ہاکی آسٹروٹرف کا منصوبہ مکمل کیا گیا، صوبے میں 6 ہاکی آسٹروٹرف کے منصوبوں پر کام جاری ہے، مزید 3 ہاکی آسٹروٹرف بھی تعمیر کئے جائیں گے۔

محمود خان نے کہا کہ اس دفعہ 27 لاکھ سے زائد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے صوبے کا رخ کیا، سیاحت کی طرح ہم صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں، ہم کھیلوں کو فروغ دے کر اپنے نوجوانوں کو صحت مند ماحول فراہم کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کالام میں بین الاقوامی طرز کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے، ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی بحالی اور حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر پر کام تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر اسپورٹس گراونڈز تعمیر کئے جارہے ہیں، ہماری حکومت سے پہلے صوبے میں صرف 69 اسپورٹس گراونڈ تھے، ہماری حکومت میں مزیر 110 گراونڈ تعمیر کئے گئے۔

The post بدقسمتی سے ملک میں قومی کھیل ہاکی زوال کا شکار ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email