معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیرِانتظام منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر مراد سعید نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا  کہ پچھلی حکومت کے تین سالوں 2013 سے 2016 میں صرف 645 کلو میٹر سڑکیں تعمیر ہوئیں، موجودہ حکومت کے تین سالوں میں کل 1753 کلومیٹر سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے لیے فنڈز کا اجرا یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ مواصلات کے اہم اور بڑے منصوبوں پر روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت کا خود جائزہ لیں گے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے، اچھی سڑکوں کی وجہ سے گاڑیوں کی مرمت اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے اخراجات کم ہو جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطے اور تجارت کے مواقع بڑھیں گے۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی بھی ملاقات ہوئی ، ملاقات کے دوران پاکستان میں ڈومیسٹک سسٹم سمیت کرکٹ کے امور پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق ٹپس دیں جبکہ وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو بے خوف ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا  بھی مشورہ دیا۔

وزیر اعظم نے  کھلاڑیوں کو ہدایت دی  کہ موجودہ حالات میں بہترین پرفارمنس سے جواب دیں۔ آپ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں پوری دنیا پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرتی ہے جبکہ  آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے و سفیر ہیں۔

 وزیر اعظم عمران خان نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیلوں کےلئے محفوظ ملک ہے۔ آپ اپنی پرفارمنس بہتر بنانے پر فوکس کریں، انشاء اللہ جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے، بدر میں 313 نے بڑی فوج کو شکست دی اور صرف 13 سال میں دنیا کی سب سے بڑی سلطنتوں، رومیوں اور فارسیوں کو شکست دے دی۔ ہم نے ہی کرکٹ میں اٹیکنگ ٹیکنیک کو متعارف کرایا۔ ہار سے انسان سیکھتا ہےکوئی بھی کامیاب شخص ایسا نہیں گزرا جو زندگی میں ہارا نہ ہو جبکہ دن کے اختتام پر اپنا محاسبہ کرنے سے انسان اپنی غلطیوں کو سدھارتا ہے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے، آپ میں ٹیم سپرٹ ہونا چاہیے۔ میدان میں جب اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آپکو جارہانہ انداز میں کھیلنا ہے، دفاعی نقطہ نظر سے کھیلنے والی ٹیم کبھی نہیں جیتتی،میں جب کھیلتا تھا تو ہم نے کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈ کپ جیتا۔

وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ محنت سے ایک مضبوط ٹیم بنیں پوری قوم کی آپسے امیدیں وابستہ ہیں، ٹیم کو اعصابی طور پر مضبوط کریں. پریشر میں پریشان ہونے کی بجائے پریشر سے لطف اندوز ہونا سیکھیں۔

The post معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email