سندھ ہمیشہ ایک پُرامن خطہ رہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ہمیشہ ایک پُرامن خطہ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پنجاب کے 31 رکنی پارلیمنٹری وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہمیشہ ایک پُرامن خطہ رہا ہے لیکن جنرل ضیاء کے مارشل لاء کے بعد یہاں کے حالات خراب ہونا شروع ہوئے جو 1993 تک چلے اور پھر 1993 میں سندھ کے اندر آپریشن  شروع ہوا جس سے حالات میں بہتری آئی۔ پھر مشرف  کا دور چلا اور کراچی بد امنی  کی صورتحال سے دوبارہ دوچار ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے لوگ پولیس کے پہرے میں ہی ایک شہر سے دوسرے شہر جایا کرتے تھے۔ پی پی پی جیسے اقتدار میں آئی ویسے ہی ہائی ویز کو سیکیور کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ امن و امان کے حوالے سے کراچی کو 2013 میں دنیا کا چھٹا خراب ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور آرمی پبلک اسکول کے بعد سندھ میں میجر آپریشن ہوا جس کے بعد اب کراچی چھٹے نمبر سے 113 نمبر  پر آیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے کچھ ایسے اقدامات کیے ہیں جس سے صوبے میں صحت کے اقدامات بہتر ہو گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تھر میں 1994 میں کوئلے کے ذخائر دریافت ہوئے، اب تھر پاکستان کا بجلی کی پیداوار کا شہر بنتا جا رہا ہے۔ میں وفد کو دعوت دیتا ہوں کے تھر کا دورہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت یکساں نصاب کے حوالے سے بیشتر اسباب کی وجہ سے عمل نہیں کر پا رہا۔ ہمارے  ہاں زیادہ تر بچے سندھی میڈیم میں پڑھتے  ہیں۔ ان چیزوں کو نظر انداز کر کے نصاب بنا کر سامنے رکھا گیا کہ اس پر دستخط کریں۔ نصاب  اُس طریقے سے بنایا جائے جس پر عملدرآمد بھی ہو سکے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے کم سے کم اجرت 25000 مقرر کی ہے۔ 25 ہزار میں بھی گزارہ مشکل ہے۔ ہم وفاقی حکومت  سے درخواست  کرتے ہیں کہ وہ بھی 25000 مقرر کرے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی 16 ملین دکھائی گئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سروس ڈیلیوری میں شہر میں پانی کی کمی کے حوالے سے بات ہوئی۔ ہمارے پاس پانی کی 2 سورسز ہیں۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ دریائے سندھ اور حب میں پانی کم ہو گیا ہے۔ حب میں بارشوں سے ہی پانی آتا ہے۔ اب ہمیں سمندر کے پانی کو میٹھا کرنے کا سسٹم اپنانا ہو گا۔ اس پر کام کر رہے ہیں۔

The post سندھ ہمیشہ ایک پُرامن خطہ رہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email