30 ستمبر تک جو ویکسین نہیں لگوائیں گے وہ بہت ساری سہولیات سے محروم ہو جائیں گے،فرخ حبیب

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 30 ستمبر تک جو ویکسین نہیں لگوائیں گے وہ بہت ساری سہولیات سے محروم ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کورونا ویکسینیشن سے متعلق پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جن لوگوں نے پہلی خوراک لگوا لی ہے وہ مسیج کے انتظار کے بجائے قریبی ویکسینیشن سینیٹر سے ویکسین کی دوسری خوراک لگوا لیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کا سامنا پوری دنیا کررہی ہے، مقابلہ ایک کٹھن مرحلہ تھا ، پاکستان نے کورونا وائرس سے نبردآزما ہونے کے لیے بہترین حکمت عملی اختیار کی ، ضروری ہے کہ فوری طور پر خود کواور اہلخانہ کو ویکسین لگوا کر اپنے آپ اور معاشرے کو محفوظ بنائیں۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کورونا وائرس کا گراف جتنا نیچے جائے گا معیشت، روزگار اور معمولات زندگی اتنی بہتر اور محفوظ ہوگی۔

اس سے قبل وزیرِ مملکت فرخ حبیب نے عالمی یوم امن پر پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان عالمی امن و استحکام کے لئے بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی خدمات اس امر کا عملی نمونہ ہے، عالمی امن و استحکام کے لئے اب تک پاک فوج کے 161 جوان شہید ہوچکے ہیں، پاکستان کی 22 کروڑ عوام عالمی امن کے قیام کے لئے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ خطے میں ہندوستان کی مقبوضہ کشمیر میں بدامنی اور مظالم کسی کو نظر نہیں آتے، اقوام متحدہ کا رکن ہونے کے باوجود ہندوستان کے ظلم، بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو دوہرا معیار ختم کرنا ہوگا۔

فرخ حبیب نے کہا تھا کہ افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو عالمی برادری سراہا رہی ہے، پرامن افغانستان ہی پرامن پاکستان ہے۔

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مزید کہا تھا کہ آج کے دن ہم اپنی مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے دائمی امن و استحکام کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، پاکستان نہ صرف اپنی دھرتی بلکہ عالمی امن کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

The post 30 ستمبر تک جو ویکسین نہیں لگوائیں گے وہ بہت ساری سہولیات سے محروم ہو جائیں گے،فرخ حبیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email