پاکستان کھیلوں کےلئے محفوظ ملک ہے،وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات ہوئی ، ملاقات کے دوران پاکستان میں ڈومیسٹک سسٹم سمیت کرکٹ کے امور پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق ٹپس دیں جبکہ وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو بے خوف ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا  بھی مشورہ دیا۔

وزیر اعظم نے  کھلاڑیوں کو ہدایت دی  کہ موجودہ حالات میں بہترین پرفارمنس سے جواب دیں۔

 وزیر اعظم عمران خان نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیلوں کےلئے محفوظ ملک ہے۔ آپ اپنی پرفارمنس بہتر بنانے پر فوکس کریں، انشاء اللہ جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی۔

یاد رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا انعقاد رواں برس اکتوبر میں متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے جا رہا ہے جس کے فائنل راؤنڈ (سپر 12) میں 12 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

یہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی گذشتہ برس انڈیا میں منعقد ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا ءکے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ پانچ برس بعد منعقد ہو رہا ہے اور شائقین کرکٹ اس کا بیتابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم اس ورلڈ کپ میں بطور فیورٹ تو داخل نہیں ہو رہی لیکن تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے ماضی کے تجربے کے باعث اسے فائدہ ضرور ہو سکتا ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا جا چکا ہے جس میں خصوصی کووڈ پروٹوکولز کے تحت تین ریزرو کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ تاہم اس سکواڈ میں 10 اکتوبر تک کسی مخصوص وجہ کی بنیاد پر تبدیلیوں کی گنجائش موجود ہے۔

پاکستان اور انڈیا اتوار 24 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے مدِمقابل ہوں گے جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں منگل 26 اکتوبر کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے مدِ مقابل ہوں گی۔

 پاکستان اور افغانستان جمعہ 29 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے مدِ مقابل ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں آمنے سامنے نہیں آئی ہیں ۔

The post پاکستان کھیلوں کےلئے محفوظ ملک ہے،وزیر اعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email