پاکستان کے سب بڑے منصوبے مسلم لیگ (ن) کے دور میں مکمل ہوئے، رانا ثناءاللہ

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے سب بڑے منصوبے مسلم لیگ (ن) کے دور میں مکمل ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) سرگودھا ڈویژن کا میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، اویس لغاری، ایاز صادق، عظمی بخاری، ذیشان رفیق، نزہت صادق، شاہنواز رانجھا، ایم این ایز، ایم پی ایز اور پارٹی عہدیدار نے شرکت کی ہے۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے میاں نواز شریف کو تین مرتبہ اپنا وزیر اعظم منتخب کیا، لیکن تینوں مرتبہ ان کو قوم کی خدمت اور ملکی ترقی سے روکا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈکٹیٹرشپ بھی رہی، پیپلزپارٹی کے بھی تین دور شامل ہیں، لیکن جو کارنامے مسلم لیگ (ن) نے سرانجام دیئے وہ کسی دور میں نہیں ہوئے، پاکستان کے سب بڑے منصوبے مسلم لیگ (ن) کے دور میں مکمل ہوئے، یہی ہماری شاندار وراثت اور قومی خدمت کی گواہی ہے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ تخلیق پاکستان 14 اگست کو ہوئی لیکن 28 مئی کو نواز شریف کی قیادت میں ملک ایٹمی قوت بنا، ملائشیا کو آج ترقیافتہ ملک سمجھا جاتا ہے 90 کی دہائی میں وہ پاکستان کی ترقی کی مثالیں دیتے تھے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ آج کوئی پاکستان کو پوچھنے کے لئے تیار نہیں، وجہ ان حکمرانوں کی نااہلی ہے، ان کی وجہ سے کرپشن کی داستانیں رقم ہورہی ہیں، ہمیں اپنی قیادت اور بیانیے پہ کوئی کنفوزن نہیں ہونی چاہیے، ہمارا اتحاد کامیابی کا ضامن ہے۔

اجلاس میں جنرل سیکرٹری پنجاب سردار اویس لغاری نے پارٹی کے تنظیمی امور پر اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی، اویس لغاری نے میٹنگ کے شرکاء میں یونین کونسل کی سطح پر پارٹی فارم تقسیم کیے، جس میں 5 عہدیدار اور 30 کونسلر بنانے کا ٹارگٹ دیا گیا۔

The post پاکستان کے سب بڑے منصوبے مسلم لیگ (ن) کے دور میں مکمل ہوئے، رانا ثناءاللہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email