پاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی حقوق دینا تحریک انصاف کا مشن ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی حقوق دینا تحریک انصاف کا مشن ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، جیلوں میں اصلاحات اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی سماجی و معاشی خودمختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کر رہی ہے، صوبے بھر میں ملازمت پیشہ خواتین کیلئے 18 ویمن ورکرز ہاسٹل قائم کیے گئے ہیں، ملازمت پیشہ خواتین کیلئے 1221 ڈے کیئر سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ویمن کیریئر اور کپیسٹی بلڈنگ کیلئے ویمن ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کیے گئے ہیں، خواتین کیلئے خصوصی طور پر آن لائن ٹریننگ بھی پروگرام شروع کیے گئے ہیں، خواتین کے مسائل اور قانونی رہنمائی کیلئے خصوصی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ملتان میں خواتین پر تشدد کے سدباب کیلئے قائم سینٹر کو بحال اور موثر کیا گیا ہے، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی خواتین پر انسداد تشدد سینٹر قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کا جلد تقرر کیا جائے گا، خواتین سے متعلقہ مسائل کو ایک پلیٹ فارم کے تحت یکجا کرکے انہیں حل کرنے کا جائزہ لیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ میں جس ضلع میں بھی جاتا ہوں، جیل کا دورہ کرکے وہاں خواتین قیدیوں کے مسائل کا جائزہ لیتا ہوں، جیل نظام میں اصلاحات کے ذریعے قیدیوں کو بنیادی سہولتیں دیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اس ضمن میں فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی، جیلوں میں خواتین قیدیوں سے ناروا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار اور ممبران کو جیلوں کے دورے کرنے کی ہدایت دی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً نصف آبادی خواتین پرمشتمل ہے، تحریک انصاف کی حکومت خواتین کے حقوق کی نگہبان ہے، پاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی حقوق دینا تحریک انصاف کا مشن ہے، خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ پنجاب حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کو پورا سپورٹ کرے گی۔

دوسری جانب نیلوفر بختیار نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات قابل تعریف ہیں۔

چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار نے مزید کہا کہ جیلوں میں خواتین قیدیوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عملی کام کیا ہے۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

The post پاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی حقوق دینا تحریک انصاف کا مشن ہے، وزیراعلیٰ پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email