ہم پاکستان کے ہربچے کو ایک ہی نصاب دینا چاہتے ہیں، وزیرتعلیم

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے ہربچے کو ایک ہی نصاب دینا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے میدان میں چیلنجزہیں ،ہمارا ٹارگٹ یکساں تعلیم نصاب ہے، ہم پاکستان کے ہربچے کو ایک ہی نصاب دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے، معیشت اگر چلے گی تو لوگوں کو ملازمت اور خوراک ملے گی، ہم معیشت کے چیلنج سے نمٹنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر تعلیم نے کہاکہ ہنر کی تعلیم ہمارے لیے سب سے اولین ترجیح ہے، ہماری ترجیح یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے ملک میں یکساں تعلیمی نصاب نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کو قومی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیا تھا۔

 وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ ہمارے نظام تعلیم نے معاشرے کو بھی تقسیم کیا ہوا ہے۔ تعلیم ہمیں دنیا دیکھنے کا طریقہ سکھاتی ہے لیکن جب تعلیم ہی مختلف ہوگی تو معاشرے میں تناؤ اور مشکل پیدا ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ یکسانیت کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہر کوئی ایک طرح سے سوچے۔ اگر ہماری قدریں مشترکہ ہوں گی تو پھر دنیا دیکھنے کے طریقے ان قدروں کے مطابق ہوں گے کیونکہ تاثرات کا دائرہ کار ایک ہوگا لیکن ضروری نہیں ہے کہ سوچ ایک ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومیت کے جذبے کو بھی بیدار کرنا ہے اوریہ کوئی عجیب بات نہیں ہے۔  دنیا کے جتنے بھی بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک ہیں ان میں ایک قومی نصاب ہے۔ انگلینڈ، جاپان، چین اور دیگر ممالک میں قومی نصاب ہے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ ہم نے 72 سال میں قومی نصاب نہیں بنایا تو اس سے قوم تقسیم ہوئی۔ یہ ناانصافی اور تقسیم بھی ہے۔ یہ ساری ناانصافی اور تقسیم صرف نصاب سے تو ختم نہیں ہوگی۔  نصاب ایک قدم ہے اور قدم لے رہے ہیں کہ ناانصافی بھی کم ہو اور تقسیم بھی کم ہو۔

ان کا کہناتھا کہ ہم نے تقسیم کی بڑی قیمت ادا کی ہے اس لیے ہم یکساں تعلیمی نصاب کی ابتدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے صرف محدود مقاصد نہیں ہیں بلکہ بڑے بڑے مقاصد ہیں اور جب تاریخ لکھی جائے گی تو اس کو ایک اہم قومی سنگ میل کے طور پر دیکھا جائے گا۔

The post ہم پاکستان کے ہربچے کو ایک ہی نصاب دینا چاہتے ہیں، وزیرتعلیم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email