وزیراعظم آج قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کریں گے

وزیراعظم عمران خان آج قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کا مقصد ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ بھی وزیر اعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں موجود ہوں گے۔

 وزیراعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیو ں کواہم ہدایات بھی دیں گے جبکہ ملاقات میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کی منسوخی سے متعلق بھی گفتگو ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات شام 4 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی۔

واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیم بھجوانے سے انکار کردیا تھا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ مینز اور ویمنز ٹیموں کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان ای سی بی نے کہا کہ فیصلہ کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کے پیش نظر کیا جارہا ہے، خطے کی موجودہ صورتحال میں سفرکروا کر ان کو کسی دباﺅ کا شکار نہیں کرنا چاہتے، پی سی بی کے ساتھ ٹور ممکن بنانے کیلیے مثبت پیش رفت کی تھی، اندازہ ہے کہ فیصلہ مایوسی کا باعث بنے گا، اس کے بعد کرکٹ پر اثرات کے حوالے سے افسردہ ہیں۔

دوسری جانب اس حوالے سے بات کرتے ہوئے گزشتہ روز وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری موقع پر دورہ منسوخی کا اعلان کیا ، کھیل گوروں کا ہے، ہمارا شوق ہے، اسے شوق رہنا چاہیے ، نشہ نہیں بننا چاہیے۔

وفاقی وزیرشیخ رشید نے کہاکہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کوہم نے پروٹوکول دیا، دو، دو ہیلی کاپٹرز اورفوج کی سیکیورٹی دی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نہیں آتی تو نو ایشو ہم بھی منتظر نہیں ، غیرملکی ٹیموں کا دورہ منسوخی پرمیڈیا کواتنا سنجیدہ نہیں ہونا چاہیے۔

وزیرداخلہ نے کہاکہ نیوزی لینڈ ٹیم جہاں مقیم تھی وہاں آئی ایم ایف اوردیگر حکام بھی تھے۔ نیوزی لینڈ اوربرطانیہ کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخی ہلکی پھلکی موسیقی ہے۔

The post وزیراعظم آج قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کریں گے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email