ممتاز ادیب اور مزاح نگار ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی انتقال کرگئے

ممتاز ادیب، کالم نویس اور طنز و مزاح نگار ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی انتقال کرگئے۔

متاز ادیب ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی کی نمازِ جنازہ کل بروز منگل ادا کی جائے گی، نمازِ جنازہ بعد نمازِ ظہر، سلطان مسجد خیابان حافظ ڈی ایچ اے میں ادا کی جائے گی۔

ایس ایم معین قریشی کے انتقال پر آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ سمیت گورننگ باڈی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہم ایس ایم معین کی مغفرت کیلئے دعاگو ہیں اللہ پاک ان کے درجات بلند کرے۔

ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی وضع دار، بامروّت، شفیق، ملن سار، خوش مزاج مشہور تھے، ایس ایم معین نے ادب کی دنیا میں مزاح نگار اور کالم نگار کی حیثیت سے ایک الگ مقام بنایا۔

ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی آرٹس کونسل کراچی کے سینئر ممبر بھی تھے ، وہ اپنے خورد معاصرین اور نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی اور ستائش کے ساتھ زبان و بیان اور املا انشا کی درستی میں مدد دیتے اور اصلاح کرتے۔ ان کے علمی مضامین اور کالم باقاعدگی سے پاکستان کے مؤقر جرائد اور روزناموں میں شایع ہوتے رہے ہیں۔

مرحوم نے 1953 میں اپنی ایک تحریر کی اشاعت کے بعد مزاح نگاری کا کا سلسلہ شروع کیا اور خوب نام و مقام بنایا۔ مجید لاہوری جیسے نام ور مزاح نگار کے مقبول ترین رسالے نمکدان سے طنز و مزاح نگاری کا سفر شروع کیا۔

1962ء میں اس رسالے کی بدولت ان کا نام طنز و مزاح نگار کے طور پر قارئین کے سامنے آیا۔ اسی میدان میں انھوں نے انگریزی زبان میں بھی قلم کو تحریک دی اور 1982 سے مشہور و مستند انگریزی جرائد اور روزناموں کے لیے کالم لکھنے لگے۔ انھوں نے ابنِ منشا کے قلمی نام سے بھی اردو کالم لکھے۔ کچھ عرصہ قبل ایس ایم معین قریشی کی آخری کتاب کی رونمائی آرٹس کونسل میں کی گئی تھی۔

The post ممتاز ادیب اور مزاح نگار ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی انتقال کرگئے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email