رحیم یار خان میں نہروں میں پڑنے والا شگاف 15 گھنٹے بعد بھی پر نہ ہوسکا

رحیم یار خان میں 2 نہروں میں پڑنے والا شگاف 15 گھنٹے بعد بھی پر نہ ہوسکا گھروں میں پانی ہونے سے لوگ پریشان ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے علاقے رکن پور میں 2 نہروں میں شگاف پڑ گیا، بڑی نہر میں 60 فٹ اور چھوٹی نہر میں مجموعی طور پر 100 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے سینکڑوں ایکڑ پر فصلیں اور باغات تباہ جبکہ 500 سے زائد گھر زیر آب آگئے۔

ذرائع کے مطابق 15 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا، نہ تو مدد آئی اور نہ ہی کچھ کھانے پینے کو ملا، رات کے اندھیرے میں نقل مکانی کرتے بے بس لوگ انتظامیہ اور عوامی نمائندوں پر شکوہ کرتے رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرین کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کا حلقہ ہونے کے باوجود انکا ایک آدمی بھی پوچھنے تک نہیں آیا، کوئی پرسانِ حال نہیں۔

ذرائع کے مطابق شگاف کے باعث سیلابی شکل اختیار کرنے والے پانی نے ہر طرف تباہی مچادی نہ صرف گھر تباہ کئے بلکہ گھروں میں موجود سامان گندم اور جانوروں کا بھی نقصان کیا، متاثرین نے کہا کہ اطلاع کے باوجود محکمہ انہار کا عملہ اور ریسکیو تاخیر سے پہنچی جس سے گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کا خیال رکھتے ہوئے کھانا اور پانی متاثرین تک پہنچایا جارہا جبکہ محکمہ انہار اور ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ شگاف کو پر کرنے کیلئے بھاری مشینری کی مدد سے آپریشن جاری ہے صرف 15 فٹ شگاف رہ گیا جسکو پر کرنا باقی ہے، محکمہ انہار کا عملہ اور ریسکیو سمیت بھاری مشینری کی مدد سے شگاف کو پر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اس واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے نوٹس لے کر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے واقعے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

The post رحیم یار خان میں نہروں میں پڑنے والا شگاف 15 گھنٹے بعد بھی پر نہ ہوسکا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email