‏الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات صاف شفاف کروانے میں مدد ملے گی،وزیر مملکت

وزیر مملکت فرخ حبیب نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات صاف شفاف کروانے میں مدد ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ بروقت فارم45 ملے گا کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوگا۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اپوزیشن کا ٹھپہ مافیا ٹیکنالوجی کے استعمال کی مخالفت اس لیے کررہا ہے کیونکہ ای وی ایم سے دھاندلی کا راستہ بند ہوجائے گا۔

اس سے قبل وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت انتخابی اصلاحات لانا چاہتی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا تھا کہ 30 سال اقتدار میں رہنے والوں نے شفاف الیکشن کیلئے کیا اقدامات کیے؟ پوری قوم چاہتی ہے صاف اور شفاف انتخابات ہوں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو دیکھے بغیر ہی اعتراض کیا جارہا ہے، دھاندلی کی پیداوار جماعتیں شفاف انتخابات نہیں چاہتیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ٹھپہ مافیا الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتراض کررہا ہے، پاپڑ والے اور فالودے والے کے نام پر اکاؤنٹس میں پیسے رکھے گئے، ملازمین کے نام پر اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے۔

وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے اکاؤنٹس کی تفصیلات دی جائیں، الیکشن کمیشن میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے کیسز چل رہے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اکاؤنٹس کی تفصیلات بتانے سے انکار کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ نااہل نوازشریف نے آمدن کے ذرائع کا دعویٰ کیا تھا تو وہی بتادیں، ن لیگ نے برطانیہ اور پی پی نے امریکا میں لمیٹڈ کمپنیاں بنارکھی ہیں، ماضی میں پی پی اور ن لیگ والے ایک دوسرے کی حکومت گراتے تھے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ والے پیسوں کے پجاری ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا تھا کہ انتخابی اصلاحات کے ذریعے الیکشن کمیشن کی مدد کررہے ہیں، حیدر گیلانی کی ویڈیو پر ہمیں بار بار درخواستیں دینی پڑرہی ہیں، ڈسکہ میں پوری رات جاگ کر آپ نوٹس لے لیتے ہیں ایسے ٹوئٹس آتے ہیں جس سے لگتا ہے اصلاحات کی مخالفت کی جارہی ہے۔

وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، مولانا اور مریم نے الیکشن کمیشن کو دھاندلی میں ملوث قرار دیا تھا، دیکھنا ہوگا نوٹسز کا جھکاؤ ایک طرف تو نہیں، سینیٹ انتخاب میں دھاندلی روکنے کیلئے الیکشن کمیشن نے اقدامات نہیں کیے، اپوزیشن نے دھاندلی روکنے کیلئے کوئی تجویز نہیں دی۔

فرخ حبیب نے کہا تھا کہ اپوزیشن اوپن ٹریس بیلٹ پیپر کی بات کر کے بھاگ گئی، الیکشن کمیشن کے ٹیکنیکل اعتراضات وزارت سائنس دور کرے گی، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق پر خاموشی نظر آرہی ہے۔

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مزید کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی توجہ صاف اور شفاف الیکشن پر دے، بات شفاف الیکشن کی ہوتی ہے اور بحث کسی اور جانب لے جاتے ہیں۔

The post ‏الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات صاف شفاف کروانے میں مدد ملے گی،وزیر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email