ہمیں دور دراز علاقوں میں پٹرول پمپ کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں دور دراز علاقوں میں پٹرول پمپ کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان کی سرحد پر باڑ لگانے کا کام مکمل ہوتے ہی پٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ روکنے میں آسانی ہوئی ہے۔

 ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمیں دور دراز علاقوں میں پٹرول پمپ اور سپلائی کو یقینی بنانا چاہیے، موبائل پمپ ایک اچھا متبادل ہوگا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں وسیع سیاحت کی وجہ سے ہمیں پٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے بھی ملاقات کی جس میں وفد نے صدر مملکت کو سیالکوٹ چیمبر کی برآمدی صلاحیت ، ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں کردار کے بارے میں بریفنگ دی ، قیصر اقبال بریار نے صدر مملکت کو سیالکوٹ کی تاجر برادری کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے ایس سی سی آئی کو درپیش مسائل کے حل میں مدد کی یقین دہانی کروائی۔

عارف علوی نے کہا کہ تاجر ، صنعتکار ، خواتین اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کیلئے اپنے اداروں میں روزگار دیں ، خصوصی افراد ملک کی آبادی کا 12 سے 14 فیصد حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو کاروباری برادری کے تعاون سے ہنر مند بنا کر ملازمتوں کی فراہمی اور مالی طور پر مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ، حکومت نوجوانوں ، خواتین اور خصوصی افراد کو بااختیار بنائے۔

صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنے کاروبار کیلئے کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت 100 ارب روپے مختص کیے ، نوجوانوں ، خواتین اور خصوصی افرادکو قرضوں کے حصول میں سہولت اور رہنمائی فراہم کرنے کی ضرورت  ہے۔

The post ہمیں دور دراز علاقوں میں پٹرول پمپ کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے، صدر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email