ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ

ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں ہفتے بھی مہنگائی میں 1.31 فیصد کا مزید اضافہ ہوا ہے۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کا مجموعی پارہ 14 اعشاریہ 33 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا ہے ، زندہ مرغی کی قیمت میں 7 روپے 3 پیسے کا اضافہ ہوا ہے ، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 221 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

رواں ہفتے بیس کلو آٹے کا تھیلا 12 روپے 11 پیسے مہنگا ہوگیا ہے، آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت 1234 روپے تک پہنچ گئی ہے، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپیہ 32 پیسے کا اضافہ ہو گیا ہے، چینی کی فی کلو قیمت 108.43 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے میں انڈوں کی فی درجن قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے ، فی درجن انڈوں کی قیمت 175 روپے سے زائد ہو گئی ، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1869 روپے سے مہنگا ہو کر 1917 روپے کا ہو گیا۔

گھی کا اڑھائی کلو کا ٹین 7 روپے 95 پیسے مہنگا ہو گیا ، گھی کا اڑھائی کلو کا ٹین 870 روپے 29 پیسے کا ہو گیا۔

ایک ہفتے کے دوران 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ، گزشتہ ہفتے پیاز فی کلو 4 روپے 55 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ، فی کلو پیاز کی قیمت 58 روپے 43 کی سطح پر پہنچ گئی ، گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 47 پیسے کی کمی ہوئی ، ٹماٹر کی فی کلو قیمت 54 روپے 65 پیسے ریکارڈ کی گئی۔

 اس کے علاوہ دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 4 روپے کمی ریکارڈ کی گئی ، دال چنا کی فی کلو قیمت میں 1 روپیہ 83 پیسے کمی ریکارڈ ہوئی ، دال چنا کی فی کلو قیمت 150 روپے رہی۔

واضح رہے کہ دودھ،خشک لکڑی سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

The post ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email