امریکی اسپتال میں عمر شریف کے علاج کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئیں، اہلیہ زرین عُمر

پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین اور اداکار عُمر شریف کی اہلیہ زرین عُمر نے کہا ہے کہ امریکا کے جارج واشنگٹن اسپتال میں اُن کے شوہر کے علاج کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زرین عُمر نے اپنے حالیہ بیان میں بتایا کہ امریکی حکومت نے انہیں ویزے جاری کردیے ہیں اور علاج کے لئے اب امریکا جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایئر ایمبولینس کا تمام تر خرچہ سندھ حکومت اپنی ذمہ داری پر اُٹھائے گی۔

واضح رہے کہ عُمر شریف اس وقت متعدد بیماریوں کے باعث کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی تھی کہ وہ بیرون ملک سرجری کے لئے اُنہیں جلد از جلد امریکی ویزا جاری کریں۔

اس حوالے سے گزشتہ روز وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ جلد اپنے علاج کے لئے امریکا روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب گزشتہ روز اپنے بیان میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ عمر شریف کو علاج کے لئے امریکا منتقل کرنے کے لئے ایئرایمبولنس آج کراچی پہنچ جائے گی۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ امریکی سفارتخانے میں عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کے ویزہ اجراء کے لئے انٹرویو مکمل کیے گئے تاہم امریکی سفارتخانے نے عمرشریف کو علالت کے باعث انٹرویو سے استثنیٰ دیا جس پر امریکی سفارتخانے اور حکام کے شکر گزار ہیں۔

The post امریکی اسپتال میں عمر شریف کے علاج کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئیں، اہلیہ زرین عُمر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email