دورہ تاجکستان: وزیر اعظم آج شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شریک ہونگے

دورہ تاجکستان: وزیر اعظم عمران خان آج شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شریک ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم افغانستان کے موضوع پر کلیکٹیو سیکیورٹی ٹریٹی آرگنائیزیشن  کے اجلاس میں بھی شریک ہونگے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم دونوں اجلاسوں میں اظہارِ خیال کریں گے، جسے پاکستان ٹیلی ویژن براہ راست نشر کر ے گا۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران کان تاجک صدرامام علی رحمن سے ملاقات کیلئے صدارتی محل جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق صدارتی محل میں وفود کے سطح کی ملاقاتیں، مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط اور دونوں ممالک کے لیڈران کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے 2روزہ دورے پر تاجکستان میں موجود ہیں، دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی ایران، قازقستان ، بیلاروس اور ازبکستان کے صدور سے ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔

گزشتہ روز تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، فوادچوہدری، علی زیدی ، مشیر سلامتی معیدیوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیر اعظم تاجکستان میں مشترکہ بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے، بزنس کانفرنس میں کاروباری روابط کو بڑھانے پر بات ہوگی۔

یادرہے کہ گزشتہ روزتاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں وزیراعظم عمران خان اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان ملاقات ہوئی ، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، خطے اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے ایران میں صدارتی الیکشن جیتنے پر ابراہیم رئیسی کو مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے لیے ایران کے ساتھ کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، تجارت، اقتصادی شعبے اور علاقائی رابطے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران کا منصفانہ اور اصولی موقف کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے لڑنے کے لیے طاقت کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان میں پاکستان کی اہم دلچسپی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ 40 سال بعد افغانستان میں تنازع اور جنگ کو بالآخر ختم کرنے کا موقع ہے۔ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مستحکم کرنے، انسانی بحران کو روکنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ضروری تھا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ استحکام کی کوششوں کو افغان معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق اور جامع سیاسی ڈھانچے کے احترام سے تقویت ملے گی۔

The post دورہ تاجکستان: وزیر اعظم آج شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شریک ہونگے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email