حکومت نے عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرادیا ہے، وزیر توانائی سندھ

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کراچی سے جاری بیان میں امتیاز شیخ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ چکیں۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول پر 5 روپے بڑھاکر ثابت کردیا کہ حکومت عوام دشمن ہے۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے مزید کہا کہ مہنگائی اور بےروزگاری نے عوام کو پہلے ہی بدحال کیا ہوا ہے، پیٹرول مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر مہنگائی مزید بڑھا دی جاتی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی، قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 16 ستمبر سے 123 روپے 30 پیسے ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے ایک پیسہ فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 120 روپے 4 پیسے ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 46 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 92 روپے 26 پیسے ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 90 روپے 69 پیسے ہوگی۔

The post حکومت نے عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرادیا ہے، وزیر توانائی سندھ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email