ڈاکٹر عبدالقدیر خان ملک کا سرمایہ اور ممتاز ایٹمی سائنسدان ہیں،قائم مقام چیف جسٹس

سپریم کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ قومی ہیرو ڈاکٹر عبد القدیر خان ملک کا سرمایہ اور ممتاز ایٹمی سائنسدان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی آزادانہ نقل و حرکت کیلئے دائر درخواست پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ  ڈاکٹر عبد القدیر خان کے پاس ملک کے بہت سے راز ہیں، ڈاکٹر صاحب اور ان کے پاس موجود رازوں کی حفاظت یقینی بنانی ہے۔

قائم مقام چیف جسٹس  نے وکیل سے استفسار کیا کہ  ڈاکٹر عبدالقدیر خان صاحب کی صحت کیسی ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ڈاکٹر قدیر خان اب وینٹی لیٹر پر نہیں ہیں اور اس وقت ایم ایچ ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج ہیں۔

 وکیل درخواست گزار نے کہا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اہلخانہ سے ملنے کی اجازت دی جائے اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا پہلے سے زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

قائمقام چیف جسٹس  عطا عمر بندیال کا کہنا   تھا کہ کورونا کے دوران اہلخانہ سے ملاقات کیسے ہو سکتی ہے،ملاقات کا فیصلہ ڈاکٹرز ہی کرسکتے ہیں۔

 وکیل توفیق آصف کا کہنا تھا کہ  ڈاکٹر عبدالقدیر خان 2 سال سے بنیادی حقوق کی بھیک مانگ رہے ہیں جس پر قائمقام چیف جسٹس نے کہا ایسی گفتگو نہ کریں جو حقائق کے منافی ہو۔

 وکیل درخواست گزار نے کہا  کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے بارے میں سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلائی گئیں،پی ٹی اے نے ڈاکٹر قدیر کی وفات کی جعلی خبروں کا نوٹس نہیں لیا۔

قائمقام چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ  سوشل میڈیا پر تو سب کیخلاف بہت کچھ کہا جاتا ہے،سوشل میڈیا کی باتیں ہم بھی برداشت کرتے ہیں آپ بھی کریں۔

 عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ تک ملتوی کر دی ہے۔

The post ڈاکٹر عبدالقدیر خان ملک کا سرمایہ اور ممتاز ایٹمی سائنسدان ہیں،قائم مقام چیف جسٹس appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email