امریکی صدر نے فون نہیں کیا وہ مصروف شخصیت ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کے آنے کے بعد سے امریکی صدر جو بائیڈن سے بات نہیں ہوئی جبکہ انہوں نے فون نہیں کیا، وہ مصروف شخصیت ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان عوام نے20سالوں میں بڑی قربانیاں دی ہیں،خطےکا امن افغانستان کے عوام سے منسلک ہے۔

امریکی صدر سے گفتگو کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے آنے کے بعد سے امریکی صدر سے بات نہیں ہوئی جبکہ جوبائیڈن نے فون نہیں کیا، وہ مصروف شخصیت ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر میں نائن الیون کے وقت وزیر اعظم ہوتا تو افغانستان پرامریکی حملے کی اجازت نہیں دیتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان سےعدم اعتماد کی وجہ زمینی حقائق سے امریکا کی قطعی لاعلمی ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کی صورتحال پریشان کن ہے اور افغانستان میں افراتفری اورپناہ گزینوں کے مسائل کا خدشہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان اس وقت تاریخ ساز موڑ پر ہے۔ افغانستان کودہشت گردی کا بھی سامنا ہوسکتا ہے، آئندہ افغانستان میں کیا ہوگا کوئی پیش گوئی نہیں کرسکتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں اُن کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہاں صورتحال کنٹرول میں رہے۔ طالبان چاہتے ہیں عالمی برادری انہیں تسلیم کرے، ہمیں طالبان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سوچنا غلط ہے کہ کوئی باہر سے آکر افغان خواتین کو حقوق دلا سکتا ہے، افغان خواتین مضبوط ہیں، انہیں وقت دیں، وہ اپنےحقوق خود حاصل کرلیں گی۔

The post امریکی صدر نے فون نہیں کیا وہ مصروف شخصیت ہیں، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email