وفاقی فنڈز سے کراچی کی ترقی کے نام پر پانی کی لائنوں میں گڑبڑ کی جارہی ہے، وزیر بلدیات

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی فنڈز سے کراچی کی ترقی کے نام پر پانی کی لائنوں میں گڑبڑ کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سید ناصر حسین شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ڈبلیو ڈی کے ذریعے ہونے والے ترقیاتی کام واٹر بورڈ کا اسٹرکچر تباہ کررہے ہیں۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ وفاقی حکومت واٹر بورڈ کی لائنوں میں رد و بدل کررہی ہے، وفاقی فنڈز سے کراچی کی ترقی کے نام پر پانی کی لائنوں میں گڑبڑ کی جارہی ہے، حکومت سندھ نے وفاقی حکومت پر الزام لگا کر مسئلہ سے نظریں چرا لیں، صوبائی اور وفاقی حکومت کی باہمی چپقلش نے کراچی کے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر ملے پانی کی فراہمی تاحال جاری ہے، ہزاروں گھروں کے پانی کے ٹینک گٹر کے پانی سے ناپاک ہوگئے ہیں، منگل کے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر ملا پانی سپلائی کیا گیا ہے۔

واٹر بورڈ کا عملہ صاف پانی کی فراہمی کے لئے تاحال ایکشن میں نہیں آیا، تاحال گندہ پانی سپلائی ہونے کی وجہ معلوم نہیں کی جاسکی۔

یاد رہے کہ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کے نوٹس کے باوجود کراچی والے گٹر ملا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ایم ڈی واٹربورڈ کو معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیر بلدیات نے پانی کی لائنوں میں سیوریج کا پانی آنے کا ذمہ دار پی ڈبلیو ڈی کو قرار دے دیا۔

The post وفاقی فنڈز سے کراچی کی ترقی کے نام پر پانی کی لائنوں میں گڑبڑ کی جارہی ہے، وزیر بلدیات appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email