مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں بلدیاتی امور سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پنجاب حکومت نے وزیراعظم کو صوبے میں نئے لوکل گورنمنٹ ماڈل پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقامی حکومت جمہوریت کا بنیادی ڈھانچہ ہے، مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے براہ راست انتخاب کو یقینی بنائیں، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات فوری طور پر کروانے کے لیے اقدامات کریں۔

ملاقات میں وفاقی وزراء اسد عمر، فواد چوہدری، شفقت محمود، مخدوم خسرو بختیار ، غلام سرور خان، چوہدری طارق بشیر چیمہ، مونس الہی، وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان اور متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی جبکہ وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

واضح رہے اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے چینی کمپنیوں کے سربراہان کے وفود نے ملاقات کی جس میں وفود نے حکومت پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت ایز آف ڈوئنگ  بزنس پالیسی پر تندہی سے عمل پیرا ہے ، سرمایہ کاروں کے لیے مراعات فراہم کی جارہی ہیں ، انتظامی کارروائیوں کو سہل بنایا جا رہا ہے ، ان کے مسائل کو ترجیحی  بنیادوں پر حل کرنے کے لیے وہ ہر مہینے خود جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان چین سے صنعتی شعبے کی ترقی کے حوالے سے بہت سیکھ سکتا ہے ، چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع ملیں گے اور افرادی قوت ہنر سیکھے گی ، پاکستان میں درمیانے اور چھوٹے درجے کی صنعت کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں جن میں چینی کمپنیاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ زراعت، ماہی گیری، سبزی اور پھل، زیادہ پیداوار والے مال مویشی، آئی ٹی و ٹیکنالوجی اور چھوٹی صنعتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں سی ای او ایزی پری فیبریکیٹڈ ہومز پرائیویٹ لمیٹڈ، سی ای او لا ہی ٹریڈنگ انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ ، سی ای او یایشینگ انڈسٹریل پراڈکٹس کمپنی ، سی ای او لیڈزون پرائیویٹ لمیٹڈ، سی ای او چیانگ شنگ پاکستان سرامیکس پرائیویٹ لمیٹڈ اور سی ای او سنو وائیٹ لاویشن پرائیویٹ لمیٹڈ موجود تھے۔

The post مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email