متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات تاریخی ہیں، شبلی فراز

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات تاریخی ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی کی وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز سے ملاقات ہوئی جس میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مختلف تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل  اور امارات اتھارٹی فار سٹینڈرڈائزیشن اینڈ میٹرولوجی کے درمیان حلال برآمدات کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر جلد دستخط کیے جائیں گے۔

ذراائع کے مطابق معاہدہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات میں حلال مصنوعات کی برآمد کے عمل کو آسان بنائے گا جبکہ معاہدے سے پاکستانی برآمد کنندگان کو فائدہ ہوگا۔

 اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر صنعت و ترقی ٹیکنالوجی کی جانب سے وفاقی وزیر کو آئندہ دبئی ایکسپو 2020 میں شرکت کی دعوت دی گئی اور شبلی فراز کو گلوبل مینوفیکچرنگ اینڈ انڈسٹریلائزیشن سمٹ کے چوتھے اجلاس سے خطاب کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات تاریخی ہیں، سالوں کے بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ معاشی مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، متحدہ عرب امارات ایک اہم ملک ہے اور پاکستان ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا منتظر ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پرجوش شرکت کو یقینی بنایا جائے گا، ایک ممتاز عالمی پلیٹ فارم کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہوگی۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے کہا کہ مستبقل میں بھی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔

The post متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات تاریخی ہیں، شبلی فراز appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email