اطلاعات تھیں کہ مشترکہ اجلاس میں میڈیا گیلری سے ہلڑ بازی ہوگی، اسد قیصر

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اطلاعات تھیں کہ مشترکہ اجلاس میں میڈیا گیلری سے ہلڑ بازی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صدر کے مشترکہ اجلاس کے دوران پریس گیلری  بند کرنے کے معاملے پر صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں چاہتا تھا کہ وہاں ہلڑ بازی ہو اور میڈیا کے دوست آپس میں لڑ پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ جو فیصلہ بھی ہوا تھا پی آر اے کے ساتھ مل کر کیا تھا، مجھے کچھ صحافیوں نے بتایا کہ یہاں پہ ہلڑ بازی ہوگی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پی آر اے ہاؤس کی نمائندہ تنظیم ہے، روایات کا خیال کرنا چاہیے، کسی بھی صورت میں کسی کو بدتہذیبی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے خیبرپختونخوا سروسز اکیڈمی میں زیر تربیت پروینشل منیجمنٹ سروس کے افسران کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں اسد قیصر نے کہا تھا کہ ملازمین حکومتی انتظامی ڈھانچے کا بنیادی جزو ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ملازمین پر پارلیمنٹ میں منظور کیے جانے والے قوانین  پر عملدارآمد کو یقینی بنانے کی بھاری  ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، جو ملازمین پوری دیانتداری اور  لگن سے اپنے فرائض کو انجام دیتے ہیں انہیں سکون قلب اور عزت حاصل ہوتی ہے۔

اسد قیصر نے کہا تھا کہ ملازمین فرائض کی سر انجام دہی میں سیرت النبیﷺ کو اپنے پیش نظر رکھیں ، جو دوسروں کو عزت دیتا ہے اس کو عزت ملتی ہے ، ملازمین اپنی ذات سے باہر نکل کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ان کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت ملکی اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ، ملازمین قواعد و ضوابط اور میرٹ کی بنیادوں پر فیصلے کریں۔

The post اطلاعات تھیں کہ مشترکہ اجلاس میں میڈیا گیلری سے ہلڑ بازی ہوگی، اسد قیصر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email