پاکستان میں معیشت کی نمو کورونا کے باوجود بہتر رہی، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیشت کی نمو کورونا کے باوجود بہتر رہی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسول مقبولﷺ پیش کی گئی۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعمیراتی شعبے میں تاریخی ترقی کا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سرجاتا ہے، زرعی شعبے میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کی نمو کورونا کے باوجود بہتر رہی، کورونا کے اثرات کے سبب دنیا کی معیشت سکڑیں جبکہ پاکستان کی معاشی کارکردگی بہت بہتر رہی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں جمہوری اقدار اور ایک دوسرے کی برداشت کی روایات فروغ پائیں، گزشتہ تین سالوں میں پاکستان میں بہت سی مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد 60 فیصد بڑھا ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بہتر کارکردگی کے حوالے سے ماضی کے ریکارڈ توڑ ڈالے، عوام کو بات سمجھ آگئی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماضی میں حکومتوں نے کارخانوں اور صنعتوں سے ترقی کی، ملک صنعتی انقلاب سے گزر رہا ہے جسے شور شرابے سے نہیں روکا جاسکتا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کی آن لائن تربیت کا پروگرام بھی قابل ذکر ہے، اب تک 17لاکھ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارت کی تربیت دی جاچکی ہے، صلاحیتوں کی بدولت ابھرتے چمکتے پاکستان کی منزل پالیں گے۔

ایوان میں وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سمیت صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز، صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے علاوہ غیر ملکی سفرا نے شرکت کی جبکہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں میں بلاول بھٹو زرداری اور شاہد خاقان عباسی بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک تھے۔

The post پاکستان میں معیشت کی نمو کورونا کے باوجود بہتر رہی، صدر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email