تمام متعلقہ فریقوں کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جبری تبدیلی مذہب کیلئے وزارت انسانی حقوق کا مسودہ وزارت مذہبی امور میں زیر غور ہے۔

وفاقی وزیرمذہبی امور نے کہا کہ مجوزہ قانون کے تمام دینی ، آئینی اور سماجی پہلوؤں کا باریکی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

پیرنورالحق قادری کا کہنا تھا کہ قانون سے متعلق مذہبی طبقات اور اقلیتی اراکین پارلیمنٹ  کے ساتھ رابطہ میں ہی، تمام متعلقہ فریقوں کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اسلام میں زبردستی تبدیلی مذہب کا کوئ گنجائش نہیں، تاہم تبدیلی مذہب کیلئے کوئی عمر کی قید بھی نہیں رکھی جاسکتی۔

پیرنورالحق قادری کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ سے زبردستی تبدیلی مذھب کے مبینہ واقعات پاکستان کیلئے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا مزید کہنا تھا کہ زبردستی اور جبر سے مذہب کی تبدیلی کسی بھی عمر میں قابل قبول نہیں، اپنی مرضی اور رغبت سے کسی بھی عمر میں اسلام قبول کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب بھی جہاں بھی علما‍‍‍‍‍‍‍‍‍ء کرام بیٹھتے ہیں تو بہتری کے لیے بیٹھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے کیونکہ ہمیں لسانی علاقائی مسلکی و فرقہ بنیادوں پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔

نور الحق قادری نے کہا تھا کہ ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ کی حالت بہت بری ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ علماء کرام اور دینی مدارس کے لوگ یہاں مشکل زندگی گزار رہے ہیں جو کہ ریاست کی توجہ کے طلبگار ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کے پی میں پی ٹی آئی حکومت نے پہلی بار گذشتہ بجٹ میں تین ارب رکھے جو ہر علماء کرام و خطیب کو پندرہ ہزار روپے کے حساب سے دیے جائیں گے۔ پنجاب اور مرکز میں بھی اگلے بجٹ میں علماء کرام کے لیے پیسے رکھے جائیں گے۔

نور الحق قادری کا مزید کہنا تھا کہ ایسا پلیٹ فارم بنائیں گے کہ معاشرے کی تربیت کے لیے پہلے علماء کی تربیت کریں گے۔

The post تمام متعلقہ فریقوں کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیر مذہبی امور appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email