حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے چینی  کمپنیوں کے سربراہان کے وفد نے ملاقات کی جس میں وفد نے حکومت پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ایز آف ڈوئنگ  بزنس پالیسی پر تندہی سے عمل پیرا ہے ، سرمایہ کاروں کے لیے مراعات فراہم کی جارہی ہیں ، انتظامی کارروائیوں کو سہل بنایا جا رہا ہے ، ان کے مسائل کو ترجیحی  بنیادوں پر حل کرنے کے لیے وہ ہر مہینے خود جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین سے صنعتی شعبے کی ترقی کے حوالے سے بہت سیکھ سکتا ہے ، چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع ملیں گے اور افرادی قوت ہنر سیکھے گی ، پاکستان میں درمیانے اور چھوٹے درجے کی صنعت کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں جن میں چینی کمپنیاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ زراعت، ماہی گیری، سبزی اور پھل، زیادہ پیداوار والے مال مویشی، آئی ٹی و ٹیکنالوجی اور چھوٹی صنعتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سی ای او ایزی پری فیبریکیٹڈ ہومز پرائیویٹ لمیٹڈ، سی ای او لا ہی ٹریڈنگ انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ ، سی ای او یایشینگ انڈسٹریل پراڈکٹس کمپنی ، سی ای او لیڈزون پرائیویٹ لمیٹڈ، سی ای او چیانگ شنگ پاکستان سرامیکس پرائیویٹ لمیٹڈ اور سی ای او سنو وائیٹ لاویشن پرائیویٹ لمیٹڈ موجود تھے۔

اس کے علاوہ چینی سفیر نونگ رانگ ، وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، شوکت فیاض ترین، اسد عمر ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی سی پیک خالد منصور اور سینیر افسران بھی موجود تھے۔

The post حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، وزیر اعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email