پی ٹی آئی کو صرف پی ٹی آئی ہرا سکتی ہے ، فیصل جاوید

سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو صرف پی ٹی آئی ہرا سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی کو کامیابی حاصل ہوئی۔

فیصل جاوید خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو صرف پی ٹی آئی ہرا سکتی ہے ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک بار پھر بری طرح شکست سے دو چار رہے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے مزید کہا کہ جن وارڈز میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی وہ زیادہ تر آزاد امیدوار تھے، یقینا ٹکٹ دینے کے میکنزم کو بہتر بنانا ہوگا۔

یاد رہے کہ ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک کے 205 میں سے 161 وارڈز کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 56، آزاد امیدوار 43، مسلم لیگ ن کے 37، پیپلزپارٹی کے 12، متحدہ قومی موومنٹ کے 10، جماعت اسلامی کے 4، بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے 2، 2 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

اس فہرست میں مسلم لیگ ن 37 اور پیپلز پارٹی 12 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرچکی ہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ 10،  جماعت اسلامی  کے 4بی اے پی کے 2 اور عوامی نیشنل پارٹی کے 2 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہا۔ اس ضمن میں تمام انتظامات کئے گئے تھے۔

پولنگ سٹیشنوں پر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات رہے۔

کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن کے دوران مختلف شہروں کے پولنگ اسٹیشنز پر قواعد کی خلاف ورزیاں جاری رہیں جس پر لڑائی جھگڑے اور دنگا فساد کے واقعات پیش آئے، اس دوران پولنگ کا عمل بھی متاثر ہوا۔

کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے سلسلے میں جاری پولنگ میں مختلف وجوہات کی وجہ سے کہیں بے نظمی دیکھنے میں آئی تو کہیں ووٹنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا۔

کراچی کنٹونمنٹ بورڈ میں کالا پل کے قریب واقع پولنگ اسٹیشن میں بے نظمی نظر آئی۔ ووٹ ڈالنے کے بعد بھی ووٹرز کی پولنگ اسٹیشن میں موجودگی پر پولنگ ایجنٹ نے احتجاج کیا، جس پر پریذائڈنگ افسر کی مداخلت کے بعد متعلقہ ووٹرز باہر نکل گئے۔

منوڑہ کنٹونمنٹ بورڈ میں واقع پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا، دونوں پولنگ اسٹیشنز میں تقریباً 50 سے 60 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ منوڑہ کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ 1 کے 2 پولنگ اسٹیشنز میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 سو کے قریب ہے۔

دوسری جانب فیصل کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 1 میں ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا جبکہ کلثوم بائی ولیکا اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں بھی پولنگ ایجنٹ اور میڈیا نمائندگان کو اندر جانے میں مشکلات پیش آئیں۔

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے سلسلے میں ہونے والی پولنگ کے دوران کراچی کے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 4 سے 2 جعلی پولنگ ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا۔

The post پی ٹی آئی کو صرف پی ٹی آئی ہرا سکتی ہے ، فیصل جاوید appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email