نشانِ حیدر پانے والے میجر راجہ عزیز بھٹی کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے

میدان جنگ میں جرات و بہادری کی تاریخ رقم کرنے والے جنگ ستمبر کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 56 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے.

تفصیلات کے مطابق 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے دانت کھٹے کرنے والے میجر عزیز بھٹی شہید 16 اگست 1928ء کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان سے قبل ان کا خاندان واپس آکر گجرات کے گاؤں لادیاں میں رہائش پذیر ہوا، میجر عزیز بھٹی نے بطورِ سیکنڈ لیفٹننٹ 17 پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔

ستمبر 1965ء میں جب بھارت نے ارضِ پاک پر شب خون مارا تو میجر عزیز بھٹی شہید کو برکی سیکٹر پر دشمن کی پیش قدمی روکنے کا حکم ملا، بطورِ کمپنی کمانڈر میجر عزیز بھٹی نے خود کو فاروڈ ٹروپس کے ساتھ رکھا، 6 ستمبر سے 12 ستمبر تک میجز عزیز بھٹی کی کمپنی نے دشمن پر تابڑ توڑ حملے کئے۔

عزیز بھٹی نے اپنی کمپنی سمیت 6 دن اور راتیں لگا تار دشمن کو نہ صرف روکے رکھا بلکہ بد ترین شکست سے بھی دوچار کیا، لاہور کا یہ محافظ دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گیا اور دشمن کو ایک قدم آگے نہ بڑھنے دیا۔

12 ستمبر کو دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ میجر عزیز بھٹی شہید کے بائیں شانے پر لگا اور وہ جامِ شہادت نوش کرگئے، بے مثال شجاعت کے اعتراف میں میجر عزیز بھٹی شہید کو سب سے بڑے فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔

قوم ارضِ پاک کے اس عظیم سپوت کو سلام پیش کرتی ہے۔

The post نشانِ حیدر پانے والے میجر راجہ عزیز بھٹی کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email