ہمارا عوام سے تین نسلوں کا تعلق ہے جو کبھی نہیں ٹوٹ سکتا ، چیئر مین پیپلز پارٹی

پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا عوام سے تین نسلوں کا تعلق ہے جو کبھی نہیں ٹوٹ سکتا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج لیہ کے جیالے ہمارا دل جیت چکے ہیں ، لیہ کی عوام نے جگہ جگہ جو استقبال کیے میں شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں بہادر احمد خان کا جنہوں نے یہ جلسہ رکھا اور اعلان کیا کہ وہ دوبارہ پی پی پی کا حصہ بن رہے ہیں ،  ہم سب مل کر لیہ کی عوام کی خدمت کریں گے ، ہم کچھ عرصہ سے جنوبی پنجاب کے دورہ پر ہیں اور مختلف جگہوں کا دورہ کیا ہے ، جیالوں کو دیکھ کر بنی گالا سے چیخیں نکل رہی ہیں ، اگر بنی گالا خوش نہیں ہے تو کچھ ہمارے دوست بھی خوش نہیں ہیں کہ یہ پی پی پی کیا کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ملک تاریخی غربت سے گزر رہا ہے ، کبھی تیل کی قیمتوں میں اضافے کرتے ہیں تو کبھی گیس کی قیمتوں میں ، ذرعی ٹویب ویل کی بجلی کے نرخوں میں اضافے کیے گئے ، ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے ، انہوں نے پہلے تخت رائیونڈ راج  برداشت کیا تو ابھی اس سلیکٹڈ کو جھیل رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سے محروم رکھا گیا ، قائد عوام نے مزدوروں کو ملز کا مالک بنایا ، غریبوں کو زمینوں کا مالک بنایا ،  بی بی  شہید نے جس طرح مردوں کو روزگار دیا اسی طرح خواتین کو بھی روزگار دیا۔

The post ہمارا عوام سے تین نسلوں کا تعلق ہے جو کبھی نہیں ٹوٹ سکتا ، چیئر مین پیپلز پارٹی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email