پاکستانی قوم آج بھی قائد اعظم سے والہانہ عقیدت رکھتی ہے ، وزیر داخلہ بلوچستان

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ پاکستانی قوم  آج بھی قائد اعظم سے والہانہ عقیدت رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی پُرامن معاشرے کا قیام قائداعظم کا خواب تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بانی پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر دینے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں ، قائداعظم ؒکے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو تمام بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے بانی پاکستان  کے 73یوم وفات پر ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 73 ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔

بانی پاکستان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 73ویں برسی کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے زیراہتمام تقریبات وسیمینارز، کانفرنسز اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876  کو پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں کیا۔

محمد علی جناح نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت سے کیا تاہم 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔

آپ نے خود مختار ہندوستان میں مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے تحفظ کی خاطر مشہور چودہ نکات پیش کیے۔

قائد اعظم کی قیادت میں برِصغیر کے مسلمانوں نے نہ صرف برطانیہ سے آزادی حاصل کی بلکہ تقسیمِ ہند کے ذریعے پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور آپ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے۔

قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے الگ ملک کے لیے جدوجہد کی لیکن قیام پاکستان کے صرف ایک سال بعد وہ اس جہان فانی سے رخصت ہوگئے۔

The post پاکستانی قوم آج بھی قائد اعظم سے والہانہ عقیدت رکھتی ہے ، وزیر داخلہ بلوچستان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email