کے ایم سی اور سندھ حکومت نے 514 چھوٹے اور بڑے نالے صاف کیے ہیں ، ایڈمنسٹریٹر کراچی

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی اور سندھ حکومت نے 514 چھوٹے بڑے نالے صاف کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرمن سفیر اور جرمن نیوی کا وفد آج بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دفتر آیا تھا ، جرمن وفد سے پاکستان اور جرمنی کے 70 سالہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایڈمنسٹریٹر کراچی بنے ہوئے 35 روز ہوئے ہیں ، 35 روز میں مخالفین کی چیخیں نکل گئی ہیں ، 35 سال سے جو لوگ اس شہر پر قابض تھے وہ پریشان ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں اختیارات کا رونا رونے والے پریشان ہیں ، شہر میں ہونی والی برسات میں سڑکوں پر دکھائی نہیں دیتے تھے ، وفاقی حکومت نے صرف 3 نالے صاف کیے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاق کے صاف کیے ہوئے نالے جاکر لوگ دیکھ لیں ، جب گجر نالے ، اورنگی نالے پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا تھا تب کہتے تھے کہ کے ایم سی کام کررہی ہے۔

اس سے قبل ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 2008 سے میونسپل ٹیکس اکھٹا کیا جا رہا ہے، وسیم اختر نے بھی اکٹھا کیا، فرق یہ ہے میں ٹارگٹ پورا کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا وجہ ہے کہ کےالیکٹرک اور کے ایم سی کیلئے ٹیکس اکھٹا نہیں کیا جاسکتا، یہ ٹیکس کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں جائے گا، میں تو عبوری ایڈمنسٹریٹر ہوں، چلا جاؤں گا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آنے والے میئر کے پاس کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں پیسہ ہوگا، وہ میئر وسیم اختر کی طرح اختیارات اور مالی وسائل کا رونا نہیں روئے گا، وفاقی ادارے بھی کے ایم سی کی مدد کریں تاکہ ہم کام کر سکیں۔

The post کے ایم سی اور سندھ حکومت نے 514 چھوٹے اور بڑے نالے صاف کیے ہیں ، ایڈمنسٹریٹر کراچی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email