موجودہ حکمرانوں نے قوم کو ریلیف نہیں بلکہ صرف تکلیف دی ہے ، مسلم لیگ (ن) کے صدر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے قوم کو ریلیف نہیں بلکہ صرف تکلیف دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ایک ہفتے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں کھانے پینے اور روزمرہ اشیاءکی 24 قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ عوام سے ظلم، زیادتی اور بدترین استحصال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی اوسط شرح 13.64 فیصد ہونا حکومت کے موجود نہ ہونے کا ثبوت ہے ، غریب طبقات کے لیے مہنگائی کی شرح 17.02 فیصد ہونے سے ملک میں بدترین غربت میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ 20 کلو آٹا 58 روپے مہنگا ہونے کا مطلب ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ،  انڈے ، گھی، کوکنگ آئل، دال، لہسن، دودھ، دہی، چاول اور  گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ گھی کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 41 فیصد، کوکنگ آئل 37اور چکن 39 فیصد مہنگا ہونا ظلم کی بدترین شکل ہے ، بجلی گزشتہ سال کے مقابلے میں 47 فیصد اورایل پی جی 46 فیصد مہنگی ہوئی جو حکومتی نااہلی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوتے 33 فیصد مہنگے ہونے کا مطلب ہے کہ حکمران قوم کے پیر ننگے کرنے پر تُلے ہوئے ہیں ، یہ ظلم کی حکومت ہے جو چل نہیں سکتی ، جس حکومت میں غریب کا چولہا نہ جلے، وہ نہیں چل سکتی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ تین سال میں موجودہ حکومت نے مہنگائی کے ظلم سے عوام کی صرف چیخیں نکلوائی ہیں۔

The post موجودہ حکمرانوں نے قوم کو ریلیف نہیں بلکہ صرف تکلیف دی ہے ، مسلم لیگ (ن) کے صدر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email