فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کو 10 سوالوں کے جواب دینے کا چیلنج کردیا

پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کو 10 سوالوں کے جواب دینے کا چیلنج کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان میں اگر اخلاقی جرات ہے تو ان سوالات کا جواب دینے کے لیے کسی بھی پلیٹ فارم پر آجائیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ دو سال پہلے زرداری ہاؤس میں ہونے والی افطار پارٹی میں تاخیر سے کیوں آئے ، وہ کون لوگ تھے کہ جن سے ملاقات کی وجہ سے آپ افطار پارٹی میں تاخیر سے آئے ؟

پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ آزادی مارچ کو کس کے کہنے پر اور کس معاہدے کے تحت ختم کیا ، مولانا فضل الرحمان صاحب آزادی مارچ کے خاتمے کی شرائط کو عوام کے سامنے کیوں نہیں لاتے ؟

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ استعفوں کا معاملہ بیچ میں لاکر آپ نے لانگ مارچ کو کیوں اور کس کے کہنے پر رکوایا ، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے آپ نے سندھ حکومت سے کیوں ڈی سی اور ایس پی کو لگوانے کی فرمائشیں کیں ؟

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم کو استعمال کرکے آپ نے ٹھیکوں کے حصول اور تعمیراتی بلوں کے اجراء کی کوششیں کیوں کیں ، سندھ میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کرکے وفاق میں پی ٹی آئی کے خلاف جدوجہد کیا دوہری پالیسی نہیں؟

پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان صاحب بتائیں کہ پی ٹی آئی کو چھوڑ کر آپ نے پاکستان پیپلزپارٹی کو کس کے کہنے پر نشانہ بنانا شروع کیا ، آپ نے استعفوں کا جو اعلان کیا تھا، اس پر ابھی تک عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟

The post فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کو 10 سوالوں کے جواب دینے کا چیلنج کردیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email