سندھ میں اب بھی جعلی ڈومیسائل کا دھندا عروج پر ہے، وزیر مملکت

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سندھ میں اب بھی سرعام نوکریاں فروخت، جعلی ڈومیسائل کا دھندا عروج پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک پرچی پر پارٹی کی آدھی سربراہی رکھنے والے بلاول کی منتخب اور مقبول ترین لیڈر عمران خان کے خلاف تنقید کی کوئی اہمیت نہیں۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بلاول آپ فکر نہ کریں، وزیراعظم کو مکمل اعتماد حاصل ہے۔

فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ ماضی میں کیسے پیپلز پارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنوں کے نام شامل کیا جبکہ عمران خان کی ہدایات پر احساس کی چھتری تلے 34 سماجی تحفظ کے پروگرام چل رہے ہیں۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پسے ہوئے طبقات کے لئے احساس پروگرام کی بجٹ بڑھا کر 260 ارب کیا گیا ہے جبکہ بی آئی ایس پی میں لاکھوں غیر مستحق لوگوں کو نکال کر میرٹ پر اہل لوگوں کو شامل کیا گیا ہے۔

فرخ حبیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج بھی سندھ میں مہنگائی باقی ملک کی نسبت سب سے زیادہ ہے جبکہ آج بلاول زرداری نے اعتراف کرلیا ہے کہ اس مالیاتی بحران کی بنیاد رکھنے والی پیپلز پارٹی ہی ہے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ بلاول خود تو سندھ حکومت جاری رکھنا چاہئے ہیں لیکن دوسروں کو پنجاب حکومت گرانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ یہ کیسے جمہوریت کے علمبردار ہیں ؟ بلاول صاحب، آخر کب تک سندھ کے عوام کو گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوز مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑے رکھیں گے؟

واضح رہے اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں عالمی مالیاتی بحران آیا لیکن ہم نے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی کے باوجود ہم نے اپنے دور میں مزدور کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، پی پی کے دور میں غریبوں کے لیے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کہ کٹھ پتلی وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، خان صاحب اپنی اکثریت کھوچکے ہیں، یہ اقلیت کی حکومت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ نے پاکستان کے ہر شہری کو تکلیف میں ڈالا ہوا ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائے گی، ہم دوستوں سے مطالبہ کریں گے کہ وہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لائیں اور وزیراعظم کو ہٹادیں۔

The post سندھ میں اب بھی جعلی ڈومیسائل کا دھندا عروج پر ہے، وزیر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email