پیپلز پارٹی کرپشن کی بدولت علاقائی جماعت بن گئی، شہباز گِل

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کرپشن کی بدولت علاقائی جماعت بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ سرکار نے سندھ کو تاریکی کی راہ دیکھائی۔

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے سندھ کے عوام کو ان سہولیات سے محروم کر دیا۔ پرچی چیئرمین سندھ کے حالات سے ناآشنا اور وفاق پر ہرزہ سرائی میں مصروف ہیں۔

ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زریعے پارٹی کارکنان اور اعلیٰ عہدے داروں کے پیٹ بھرے جاتے رہے۔

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ نے کہا کہ ریاست پاکستان کی ذمہ داری سمجھ کر احساس پروگرام کو چلا رہے ہیں، احساس جیسے غریب پرور پروگرام پر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے بلاول شرم کریں۔

ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا تھا کہ مرحوم والدہ کے نام پر چلائے گئے پروگرام سے سیاسی کارکنوں کو نوازنے کا شرف آپکو حاصل ہے، احساس پروگرام میں 31 نکاتی ایجنڈا کے ذریعے 115 پالیسی منصوبوں کا شامل ہیں۔

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل کا مزید کہنا تھا کہ لوٹ مار کی غرض سے سیاست کرنے والے لٹیرے کا غریبوں کے ہمدرد عمران خان سے مقابلہ نہیں ہے۔

واضح رہے اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں عالمی مالیاتی بحران آیا لیکن ہم نے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی کے باوجود ہم نے اپنے دور میں مزدور کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، پی پی کے دور میں غریبوں کے لیے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کہ کٹھ پتلی وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، خان صاحب اپنی اکثریت کھوچکے ہیں، یہ اقلیت کی حکومت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ نے پاکستان کے ہر شہری کو تکلیف میں ڈالا ہوا ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائے گی، ہم دوستوں سے مطالبہ کریں گے کہ وہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لائیں اور وزیراعظم کو ہٹادیں۔

The post پیپلز پارٹی کرپشن کی بدولت علاقائی جماعت بن گئی، شہباز گِل appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email