پاکستان، خودمختار، پرامن اور خوشحال افغانستان کا حامی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ  پاکستان خودمختار، پرامن اور خوشحال افغانستان کا حامی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان پر عالمی برادری اور پاکستان کے خیالات ایک جیسے ہیں، سب افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئےہیں، افغانستان میں عبوری سیٹ اپ سے افغان عوام کی حکومت سے متعلق ضرویات پوری ہو سکیں گی۔

 عاصم افتخار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر تمام شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہے، وزیراعظم نے ابتک 13 عالمی رہنماؤں سے رابطے کئے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نے 25 ہم منصوبوں سے ٹیلیفونک رابطے کئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان امن کے دشمن اور سپائلرز اب بھی منفی پروپیگنڈہ کر رہے  ہیں، پاکستان کے خلاف پنج شیر میں مداخلت کی گمراہ کن خبریں پھیلائی گئیں، جنہیں مسترد کرتے ہیں۔

 عاصم افتخار کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق پرانی فوٹیج، تصاویر سے گمراہ کن اطلاعات پھیلائی جا رہی ہیں، افغانستان میں بہر حال انسانی حقوق کی ہر ممکن پاسداری چاہتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے امن اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان افغانستان میں مکنہ انسانی المیہ سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔

 عاصم افتخار نے یہ بھی کہا کہ دو طیارے خوراک اور دیگر امداد کے کر کابل اور قندھار پہنچ چکے، مزید ایک طیارہ کل جائے گا جبکہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا اگلا اجلاس ایران میں ہو گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے افغان سرزمین دہشت گردی کے لئے پاکستان کے خلاف استعمال کی۔ بھارت سپائلر کا کردار ادا کررہا ہے جبکہ بھارت نے ہمیشہ افغان امن عمل میں منفی کردار ادا کیا ۔

 عاصم افتخار کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیری بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے خاندان کو آج بھی ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ انہیں امور پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام، صحافیوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم سے آگاہ کرتا رہے گا۔

The post پاکستان، خودمختار، پرامن اور خوشحال افغانستان کا حامی ہے، ترجمان دفتر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email