حکومت کا ایک آئینی ادارے پر جھوٹے الزامات لگانا اس حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے،حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا ایک آئینی ادارے پر جھوٹے الزامات لگانا اس حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کا ایک آئینی ادارے پر پیسے پکڑنے کا الزام لگانا قابل شرم ہےجھوٹے الزامات لگانا اس حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اور اسکے جائز اعتراضات کا دلیل سے جواب دینے کے بجائے حکومت گھٹیا الزامات پر اتر آئی ہے، ملک کے وہ ادارے جو انگلیوں پر ناچنے سے انکار کر  دیں تحریک انواف ان کی ساکھ تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ یہ حکومت طاقت اور دھونس کے بل بوتے پر ملک سے اختلاف رائے ختم کرنا چاہتی ہے جو اسکی فسطائی سوچ کا مظہر ہے،167 جمہوری ممالک میں سے صرف 8 میں الیکٹرانک ووٹنگ ہوتی ہے 11 ممالک نے تجرباتی بنیادوں پر الیکٹرانک ووٹنگ شروع کی لیکن پھر  اسے ترک کر دیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہالینڈ ، جرمنی ، آئرلینڈ  اور ناروے جیسے ممالک الیکٹرانک ووٹنگ شروع کر کے ترک کر چکے ہیں، جرمنی کی آئینی عدالت  نے ووٹنگ مشینوں کے استعمال کو  عدم شفافیت کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا تھا، باقی ممالک میں بھی ہیکنگ اور دیگر سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کرنا چھوڑ دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت نے 1982 میں ووٹنگ مشین کا پہلی بار تجرباتی استعمال کیا اور 22 سالوں میں مختلف مراحل سے گزر کر 2004 میں لوک سبھا کے مکمل الیکشن اس پر کروائے ہیں، ابھی تک تو 2018 کے الیکشن میں آر ٹی ایس بیٹھنے کی اصل وجوہات سامنے نہیں آ سکیں حکومت ایک اور متنازعہ ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگانا چاہتی ہے، حکومت کا اصل ایجنڈا کچھ اور ہے اسی لئے الیکٹرانک ووٹنگ پر بات چیت کے بجائے حکومتی رویے سے دھونس ، زبردستی ، بوکھلاہٹ ، الزامات اور جلد بازی عیاں ہے۔

The post حکومت کا ایک آئینی ادارے پر جھوٹے الزامات لگانا اس حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے،حمزہ شہباز appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email