شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال پاکستان کرکٹ کا آفیشل ہیلتھ کیئر پارٹنر بن گیا

 شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر پاکستان کرکٹ کا آفیشل ہیلتھ کیئر پارٹنر بن گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال پی سی بی کے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سیزن 22-2021 کے لیے پاکستان کرکٹ کا آفیشل ہیلتھ کیئر پارٹنر بن گیا ہے۔

 

 

اس پارٹنرشپ کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ اب  شوکت خانم ہسپتال کی مدد سے مینز، ویمنز اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے لیے مقررہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ اور دیگر پروٹوکولز پر مل کر کام کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران پاکستان کو نیوزی  لینڈ ، انگلینڈ (مینز اور ویمنز ٹیمیں) ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیموں کی میزبانی کرنی ہے،  قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ، قائد اعظم ٹرافی اور پاکستان کپ فرسٹ اور سیکنڈ الیون ٹورنامنٹس بھی اسی دوران کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کے ساتھ شراکت داری ہمارے لیے  اطمینان اور فخر کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال نے گزشتہ کئی برسوں میں  اپنے آپ کو ملک کے ایک بہترین  ٹرسٹ  کے طور پر منوایا ہے، ۔ یہ ادارہ غریب اور پسماندہ افراد کی خدمت کی غرض سے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔

وسیم خان نے مزید  کہا کہ فلاحی کاموں سمیت شوکت خانم ہسپتال،  عالمی معیار کا ہیلتھ کیئر نظام بھی فراہم کرتا ہے، جو آئندہ  بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے دوران ہمارے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

دوسری جانب قائم قام چیف ایگزیکٹو آفیسر شوکت خانم ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا ہے کہ شوکت خانم نے ہمیشہ صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے،۔ کرکٹ پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے  اور دیکھا جانے والا کھیل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں ہم پی سی بی کے آفیشل ہیلتھ کیئر پارٹنر بننے پر بہت مسرور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شوکت خانم ہسپتال ہمیشہ پاکستان کرکٹ کے شانہ بشانہ رہا ہے ، چاہے یہ ایج ویریفیکیشن کا عمل  ہو، بین الاقوامی ایونٹس کے لیے ایمرجنسی ہیلتھ کوور ، قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے لیبارٹری کی خدمات  اور حال ہی میں پاکستان  کی ملک یا بیرون ملک سیریز سے متعلق کوویڈ 19 انتظامات کی نگرانی ہو۔

 واضح رہے کہ اس طرح کی تشخیصی خدمات سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی لاہور اور پشاور کے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتالوں میں مستحق کینسر کے مریضوں کے علاج پر خرچ ہوتی ہے ، جہاں 75 فیصد سے زائد مریضوں کا مکمل طور پر مفت علاج کیا جاتا ہے۔

The post شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال پاکستان کرکٹ کا آفیشل ہیلتھ کیئر پارٹنر بن گیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email