رحیم اللہ یوسف زئی کا انتقال صحافت کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ رحیم اللہ یوسف زئی کا انتقال صحافت کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سینئر صحافی و تجزیہ کار اور ماہر افغان امور رحیم اللہ یوسف زئی کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے رحیم اللہ یوسف زئی  کی شعبہ صحافت میں گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ رحیم اللہ یوسف زئی کا انتقال صحافت کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے اور مرحوم کی صحافت کے شعبے کے لیے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رحیم اللہ یوسف زئی کے انتقال سے صحافت کا ایک روشن اور تاریخ ساز عہد ختم ہو گیا ہے اور ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکتا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ رحیم اللہ یوسف زئی ایک قومی اثاثہ تھے اور ان کے بچھڑنے کا دکھ ہمیشہ رہے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رحیم اللّٰہ یوسف زئی طویل عرصے سے علیل تھے۔

یاد رہے کہ رحیم اللہ 1954 میں مردان میں پیدا ہوئے، رحیم اللہ یوسف زئی نصف صدی تک شعبہ صحافت سے وابستہ تھے، رحیم اللہ نے افغان امور کے ماہر کے طور پر عالمی شہرت حاصل کی، 2004 میں انہیں تمغہ امتیاز اور 2009ء میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

رحیم اللہ یوسفزئی کے طالبان کی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، ان کو طالبان اور افغانستان کی امور پر دسترس حاصل تھی، رحیم اللہ یوسفزئی بی بی سی سمیت کئی عالمی صحافتی اداروں سے بھی منسلک رہے، مرحوم نے طالبان کے پہلے دور حکومت میں افغانستان سے رپورٹنگ کی، اسامہ بن لادن کا انٹرویو رحیم اللہ یوسفزئی کی عالمی شہرت میں اضافہ کا سبب بنا۔

سابق وزیر اعظم نوازشریف نے رحیم اللہ یوسفزئی کو تحریک طالبان سے مذاکراتی کمیٹی کا رکن نامزد کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ کل صبح 11 بجے آبائی گاؤں کاٹلنگ مردان میں ادا کی جائے گی۔

The post رحیم اللہ یوسف زئی کا انتقال صحافت کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، عثمان بزدار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email