قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی امن و امان کو برقرار رکھنے میں قربانیاں دیں، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی امن و امان کو برقرار رکھنے میں قربانیاں دیں۔

اِن خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ایکشن پلان پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس کرتے ہوئے کیا۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء، وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی جبکہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی نے بھی شرکت کی۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں موجودہ ملکی داخلی سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ غیر ملکی شہریوں بالخصوص سی پیک سے منسلک چینی شہریوں کی سیکورٹی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں حالیہ امن و امان کے واقعات پر غور کیا گیا جبکہ نیشنل کرائسز انفارمیشن مینجمنٹ  سیل تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیشنل کرائسز انفارمیشن مینجمنٹ سیل کو وزارت داخلہ اور اطلاعات لیڈ کرینگی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی داخلی سیکورٹی کےلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے جبکہ شرپسندوں سے قانون کے مطابق مکمل طاقت سے نمٹا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دہشتگردی سے لڑتے ہوئے پوری قوم نے بھاری قیمت چکائی۔

وزیر اعظم نے افواج، پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ  قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی امن و امان کو برقرار رکھنے میں قربانیاں دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نظر ثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور اہداف کے حصول کےلئے کورآڈینیشن بڑھائی جائے۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس افغانستان کی صورتحال اور پاکستان کے اوپر ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھ کر بلایا گیا۔

ایپکس کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان کے نظر ثانی شدہ اہداف کا جائزہ بھی لیا۔

The post قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی امن و امان کو برقرار رکھنے میں قربانیاں دیں، وزیر اعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email