سابق کرپٹ افغان سیاستدانوں کے اکاؤنٹس منجمد کر دئیے گئے

سابق افغان حکومت کے کرپٹ سیاستدانوں اور وزیروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر نے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی افغان حکومت کے وزارت خزانہ نے اکاؤنٹس منجمد کرنے کے حکم دیا ہے۔

سابق افغان حکومت کے کرپٹ عہدے داروں کے خلاف اقدامات شروع ہو گئے ہیں، افغان مرکزی بینک نے کارروائی کرتے ہوئے سابق کرپٹ پارلیمنٹیرینز کے اکاؤنٹس منجمد کر دئیے ہیں ۔

اس کے علاوہ طالبان کے ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمداللہ واثق کا کہنا ہے کہ خواتین کو کرکٹ سمیت کسی بھی ایسے کھیل کی اجازت نہیں دیں گے جس میں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان رہنما کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا نہ تو مناسب ہے اور نہ ہی ضروری ہے، مخالفین کے ردعمل کی وجہ سے اسلامی اقدار کو پامال نہیں کریں گے۔

نائب سربراہ افغان ثقافتی کمیشن کا مزید کہنا تھاکہ ان کا نہیں خیال کہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینی چاہیے کیونکہ کرکٹ میں خواتین کو ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جہاں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہیں ہوتا اور یہ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے طالبان کی جانب سے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ کونسل افغانستان میں بدلتی ہوئی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی کرکٹ باڈی کو افغانستان میں خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں پر تشویش ہے۔

ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس معاملے کو گورننگ باڈی کے آئندہ اجلاس میں بھی اٹھائے گی جس میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ افغانستان میں حکومت قائم کرنے والے طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ ہ ہماری پالیسی چین سے اچھے تعلقات رکھنے کی ہے۔

چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں افغانستان کی تعمیرِ نو کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

The post سابق کرپٹ افغان سیاستدانوں کے اکاؤنٹس منجمد کر دئیے گئے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email