اشرف غنی نے قوم سے معافی مانگ لی

افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی نے قوم سے معافی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ میرا اپنی قوم اور اپنے وژن کو اس طرح چھوڑ کر جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، مجھ پر صدارتی محل کی سیکیورٹی نے زور دیا تھا کہ میں کابل کی سڑکوں کو خون خرابے سے بچانے کے لیے یہاں سے چلا جاؤ۔

اپنے پیغام میں اشرف غنی کا کہنا تھا کہ مجھ پر یہ قرض ہے کہ میں کابل کو اچانک چھوڑ دینے پر افغان عوام کو وضاحت پیش کروں، کابل چھوڑنا میری زندگی کا سب سے مشکل ترین فیصلہ تھا، لیکن میرا ماننا ہے کہ بندوقوں کو خاموش رکھنے اور کابل کی 60 لاکھ کی آبادی کو بچانے کا یہی واحد راستہ تھا۔

افغانستان کے سابق صدر نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میرا باب بھی اسی طرح ترقی و استحکام کو یقینی بنائے بغیر ختم ہوا جس طرح مجھ سے پہلے والے حکمرانوں کا دور اقتدار ختم ہوا تھا، میں افغان عوام سے معافی مانگتا ہوں کہ میں اپنا دورِ اقتدار علیحدہ انداز میں ختم نہیں کرسکا

اشرف غنی نے یہ بھی کہا کہ ایک جمہوری، خوشحال اور خودمختار ریاست کی تعمیر کے لیے میں نے افغان عوام کی مدد کرتے ہوئے اپنی زندگی کے 20 سال دیئے جبکہ میں کابل سے اپنی روانگی اور اس فیصلے کا باعث بننے والے واقعات پر جلد اپنی قوم کو تفصیل سے آگاہ بھی کرو گا۔

افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی نے مزید کہا کہ میں ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہوں جن میں کہا گیا کہ میں کابل چھوڑتے ہوئے کروڑوں ڈالرز اپنے ساتھ لے گیا، یہ سب بے بنیاد الزامات ہیں، افغان عوام کے لیے میرا عزم کبھی نہیں ڈگمگایا اور یہ پوری زندگی میری رہنمائی بھی کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ طالبان نے افغانستان کی نئی حکومت کا اعلان کر دیا ہے، نئی اسلامی حکومت کےسربراہ محمداحسن اخوند جبکہ ملا عبد الغنی برادر اور ملا عبدالسلام حنفی نائب سربراہ ہوں گے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان کی نئی حکومت کا اعلان کیا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ ملا امیر خان متقی وزیر خارجہ ،سراج حقانی وزیر داخلہ جبکہ مولوی محمد یعقوب مجاہد کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔

مولوی عبدالحکیم عدالتی امورکودیکھیں گے،ملا ہدایت اللہ وزیر مالیات ، ملاخیر اللہ وزیر اطلاعات اورقاری دین محمدحنیف قائم مقام وزیرخزانہ ہوں گے۔

ملاعبدالحق وثیق کواین ڈی ایس کا سربراہ بنا دیا گیا،ملافضل اخوندافغانستان کےچیف آف آرمی اسٹاف ہوں گے۔

خیال رہے کہ 15 اگست کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد اس وقت منصب صدارت پر فائز اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے تھے۔

The post اشرف غنی نے قوم سے معافی مانگ لی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email