معیاری گاڑیوں کی پیدا وار کے حوالے سے حکومت ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مناسب قیمتوں پر معیاری گاڑیوں کی پیداوار کے حوالے سے حکومت ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ٹویوٹا انڈس موٹرز کمپنی پاکستان کے وفد نے ملاقات کی جس میں وائس چیئرمین شنجی یناگی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی شریک ہوئے۔

ملاقات میں وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، وزیر توانائی محمد حماد اظہر اور متعلقہ سینئر افسران بھی شریک تھے۔

 ملاقات میں ٹویوٹا انڈس موٹرز کمپنی پاکستان کے وفد نے وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹویوٹا موٹرز ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی پیداوار کے لیے پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ٹویوٹا موٹرز کے فیصلے کو موسمیاتی تبدیلی سے نبردآزماء ہونے اور ملک میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ایک قابلِ ذکر اقدام  قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ حکام بین الاقوامی آٹو ایکسپورٹ مارکیٹ میں پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ حصہ حاصل کریں، مناسب قیمتوں پر معیاری گاڑیوں کی پیدا وار کے حوالے سے حکومت ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے ٹویوٹا موٹرز کے تعاون کو سراہا اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کی اہمیت پر زور دیا۔

The post معیاری گاڑیوں کی پیدا وار کے حوالے سے حکومت ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی، وزیر اعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email