بجلی کے بلوں پر ٹیکس کی مثال ایسی ہے جیسے کمائے باپ اور اُڑائے بیٹا، خرم شیر زمان

پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ بجلی کے بلوں پر ٹیکس کی مثال ایسی ہے جیسے کمائے باپ اور اُڑائے بیٹا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیہ کراچی میں جیالے ایڈمنسٹریٹر کو نوازنا شروع کردیا ہے ، سندھ حکومت کراچی میں بے اختیار مئیر اور بااختیار ایڈمنسٹریٹر چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ میں کرپشن کیلئے کے الیکٹرک کو سہولتکار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، بجلی کے بلوں میں نئے ٹیکسز عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ہے ، سندھ حکومت  کے الیکٹرک سے غیرآئینی ڈیل کرنا چاہتی ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ سالانہ 9 ارب ٹیکس وصولی سے ادارے کے بجائے جیالہ خوشحال ہوگا ، کےالیکٹرک  کو خبردار کرتا ہوں کہ کسی غیر قانونی حربے کا حصہ نہ بنیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ کرپشن پی پی کی نس نس میں شامل ہوچکی ہے ، پی پی کو ٹیکس کے نام پر عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خرم شیر زمان نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری بیان دینے سے پہلے تھوڑا سندھ پر بھی ریسرچ کیا کریں۔

خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ نابالغ بلاول کے سندھ میں 12 ہزار 4 سو 44 اسکول غیر فعال ہیں، شرح خواندگی میں سندھ ، بلوچستان اور دیگر صوبوں میں سب سے پیچھے ہے، سندھ میں نااہلوں کی حکومت کا بدترین تعلیمی نظام ہے۔

تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ بلاول زرداری وفاق پر تنقید کے بجائے وفاق سے سبق حاصل کریں، عمران خان نے یکساں تعلیمی نظام متعارف کیا ہے، تعلیم نا صرف دور جدید کا تقاضا ہے بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔

The post بجلی کے بلوں پر ٹیکس کی مثال ایسی ہے جیسے کمائے باپ اور اُڑائے بیٹا، خرم شیر زمان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email